جماعت اسلامی لاڑکانہ کے سابق امیرحاجی عبدالمجید شیخ انتقال کرگئے

111

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی لاڑکانہ کے سابق امیر اور مرکزی صدر سندھ ہاری آبادگار بورڈ حاجی عبدالمجید شیخ کراچی میں انتقال کرگئے، کچھ عرصے سے علیل اور زیر علاج تھے۔ مرحوم کی نمازجنازہ بسم اللہ ٹاور گلستان جوہر میں مرکزی نائب امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی کی امامت میں ادا کی گئی، جس میں صوبائی ناظم عمومی مولانا محمد دین منصوری سمیت دیگر ذمے داران، اہل محلہ اور رشتے دار
شریک تھے۔ وہ تحریک پاکستان کے سرگرم لیڈر اور96 سال سے زیادہ عمر پائی۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی، قیم صوبہ کاشف سعید شیخ، نائب امرا و دیگر صوبائی ذمے داران نے شیخ عبدالمجید کی وفات پر دلی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبرجمیل کی دعا کی ہے۔ محمد حسین محنتی نے کہا کہ حاجی عبدالمجید شیخ تحریک اسلامی کے بزرگ و مخلص انسان اور لاڑکانہ میں جماعت اسلامی کی پہچان تھے، ان کی وفات جماعت اسلامی کا ناقابل تلافی نقصان ہے مگر موت ایک اٹل حقیقت ہے جس سے کوئی بھی انسان بچ نہیں سکتا۔ مزیدبرآں فاران جامع مسجد لاڑکانہ میں امیر ضلع قاری ابو زبیر جکھرو کی امامت میں مرحوم کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی، جس میں جماعت اسلامی اور برادر تنظیمات کے مقامی کارکنان بڑی تعداد میں شریک تھے۔ قبل ازیں جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حاجی عبدالمجید شیخ مرحوم جماعت اسلامی لاڑکانہ کا قیمتی سرمایہ تھے، ہر وقت انہیں جماعت کے کام اور تحریکی ساتھیوں کی فکر لاحق تھی۔ اللہ تعالیٰ ان کی حسنات کو قبول فرمائے۔