باہر بیٹھ کر فیصلے پی ڈی ایم پر نہ تھوپے جائیں،پیپلز پارٹی

413

لاہور (صباح نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری چودھری منظور نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے فیصلے کیے جائیں، باہر بیٹھ کر فیصلے کر کے پی ڈی ایم پر نہ تھوپے جائیں، ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری منظور نے دعویٰ کیا کہ شہباز شریف کی ضمانت ہونے والی ہے۔ ن لیگ کی جانب سے پیپلز پارٹی پر مک مکا کرنے کے الزام کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سب کو اپنے لہجے درست اور الفاظ کا چناؤ بہتر کرنا ہوگا، جو احسن اقبال نے گفتگو کی وہ بالکل قابل قبول نہیں۔پنجاب میں بلا مقابلہ سینیٹ الیکشن ہوئے ہم نے تو مک مکا نہیں کہا، مریم نواز کی ضمانت ہوگئی ہم نے تو مک مکا کا الزام نہیں لگایا، حمزہ شہباز باہر آ گئے، جب کہ خورشید شاہ ابھی بھی جیل میں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں بلدیاتی ادارے بحال ہوئے ہم نے کچھ نہیں کہا۔پی پی کے جنرل سیکرٹری وسطی پنجاب نے کہا طے ہوا تھا کہ پی ڈی ایم کا فیصلہ متفقہ رائے سے ہوگا، ایسا ماحول بن گیا ہے کہ جے یو آئی اور ن لیگ پہلے معاملات طے کر لیتی ہیں، اور پھر آ کر اپنے فیصلے پی ڈی ایم پر تھوپ دیتی ہیں۔ کیا پنجاب میں عثمان بزدار کا وزیر اعلیٰ بننا پی ٹی آئی اور ن لیگ کا مک مکا نہیں۔