اسلام آباد (صباح نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی آج 3 روزہ دورے پر تاجکستان روانہ ہوں گے جہاں وہ 30 مارچ 2021ء کو دوشنبے میں نویں ہارٹ آف ایشیاء، استنبول پراسیس (ایچ او اے، آئی پی) وزارتی کانفرنس کے اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے، وزارتی اجلاس کے موقع پرآج اعلیٰ حکام کا اجلاس (ایس او ایم) بھی ہوگا۔ ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری کے مطابق کانفرنس کا عنوان امن و ترقی کیلیے اتفاق رائے کو مضبوط بنانا ہے۔ وزارتی
کانفرنس کے دوران شاہ محمود قریشی اپنے خطاب میں افغان عمل میں پاکستان کی مثبت کاوشوں اور علاقائی فریم ورک کے اندر افغانستان کی ترقی اور روابط کے لیے حمایت کو اجاگر کریں گے، وزیر خارجہ کلیدی علاقائی اور عالمی شراکت داروں سے مشاورت بھی کریں گے۔ شاہ محمود قریشی تاجک قیادت کے ساتھ دوطرفہ ملاقات بھی کریں گے اور دوطرفہ امور کے تمام پہلووں کا جائزہ لیں گے۔