راولپنڈی(نمائندہ جسارت)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم نے لیاقت باغ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کشمیر کا مقدمہ گلگت بلتستان میں دفن نہیں ہونے دے گی ، وزیراعظم مافیاز کی بات کرتے ہیں مگر ان کے ارد گرد مافیاز موجود ہیں ۔ انہو ںنے کہاکہ ملک کو پٹڑی پر ڈالنا ہے تو آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی غلامی چھوڑنا ہوگی ۔ سیاسی جماعتوں کو اپنے اندر جمہوریت لانا ہوگی ۔ ڈاکٹر طارق سلیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ جماعت اسلامی کو بہترین آپشن قرار دیتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ ملک میں اسلامی نظام کے قیام اور اسے عظیم مملکت بنانے کے لیے جماعت اسلامی کی پرامن جمہوری تحریک کا ساتھ دیں ۔جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ کشمیر اس وقت حساس مسئلہ بناہوا ہے اور مصائب کے باوجود یہ بھارت کے سامنے کوہ گراں کی طرح کھڑا ہے مقبوضہ کشمیر میں 19ماہ سے لاک ڈائون ہے 5لاکھ شہدااپنی جانوں کا نذرانہ دے چکے ہیں یہ چوکنا رہنے کا وقت ہے، اہل پاکستان کشمیریوں کے پشت بان ہیں، بھارت کے تمام تر ظلم و استبداد کے باوجود کشمیر کی آزادی کی تحریک جاری ہے اور وہ وقت دور نہیں جب کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا ۔ انہوں نے کہاکہ اگرچہ حکمرانوں نے مودی حکومت کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے ہیں مگر کشمیر اور پاکستان عوام کے حوصلے بلند ہیں ۔ کشمیر کا سودا کسی صورت منظور نہیں ۔