پی پی اور باپ کے ہاتھ ملانے سے گرتی حکومت کو سہارا ملا،ن لیگ

380

لاہور‘اسلام آباد(صباح نیوز)مسلم لیگ (ن ) کے نائب صدر اورسابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اوربلوچستان عوامی پارٹی (باپ) کے ہاتھ ملانے کے بعدحکومت کی گرتی ہوئی دیوار کو عارضی سہارا مل گیا ہے مگر مسلم لیگ( ن) آئینی بالادستی اور جمہور کی حکمرانی کے بیانیے پرڈٹی ر ہے گی ۔گزشتہ روز سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کو تدبر،دلیری اورمستقل مزاجی کیساتھ پیش قدمی جاری رکھنا ہے،پی ڈی ایم کے مقابلے میں فرینڈلی اپوزیشن کا 4جماعتی نیا سیاسی اتحاد تشکیل دلوایا جا سکتا ہے،پی ڈی ایم جماعتوں کو پارلیمان کے اندر، باہر اور ضمنی انتخابات میں مشترکہ جدوجہد کرنا ہو گی، خصوصاً اہل سندھ کو ساتھ لے کر چلنے کی حکمت عملی بنا ئی جائے،کراچی ،ڈسکہ اور خوشاب کے ضمنی انتخابات میں کامیابی کے لیے زور لگاناہو گا، آنیوالے دنوں میں عوامی مسائل ،مشکلات و مصائب ،قومی چیلنجز اور ان کے حل پر زیادہ بات کرنا ہو گی۔علاوہ ازیں(ن)لیگ کے مرکزی سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے ایک بیان میں کہا کہ چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن کو ہٹانا مجرمانہ سازش ہے،(ن)لیگ ایچ ای سی آرڈیننس میں ترمیم کو عدالت میں چیلنج کریگی،ایچ ای سی کو وفاقی وزارت کا ذیلی ادارہ بنایا جانا ملک کیلیے نقصان دہ ہے۔