واٹربورڈقبرستانوں میں زائرین کو ٹھنڈا پانی فراہم کرے گا

139

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)ایم ڈی واٹربورڈ اسداللہ خان کی زیرنگرانی شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی لائنوں میں پیدا ہونے والے رساؤ کو بند کردیا گیا ہے،شعبہ نکاسی آب کی متعددٹیموں نے شہر کے قبرستانوں کے اطراف کا جائزہ لے کر سیوریج اوورفلو کا خاتمہ کرد یا ہے، شب برات کے موقع پر شہر کے تمام قبرستانوں کے داخلی وخارجی راستوں پر زائرین کو ٹھنڈا پانی فراہم کرنے کیلیے واٹربورڈ کی جانب سے ٹھنڈے پانی سے بھرے ٹینکرز کھڑے کیے جائیں گے،جس سے زائرین اور قبرستانوں کے قریب سماجی مذہبی تنظیموں کی جانب سے لگائی جانے والی سبیلوںکوبھی پانی فراہم کیا جائے گا،جبکہ ممکنہ سیوریج اوورفلوکے فوری خاتمے کیلیے شہر کے اہم قبرستانوں کے قریب واٹربورڈ کی جدید سیورکلینگ وجیٹنگ مشینیں بھی ضروری عملے سمیت موجود ہوں گی۔ تفصیلات کے مطابق ایم ڈی واٹربورڈ اسداللہ خان نے واٹربورڈ حکام کو ایک خصوصی مراسلہ جاری کیا تھا، جس میں انہیں ہدایات کی گئیں تھیں کہ شب برات کے موقع پر پورے شہر میں فراہمی و نکاسی آب کے خصو صی انتظاما ت کیے جائیں، تمام مساجد اور امام بارگاہوں اور قبرستان جانے والے راستوں پر مختلف مذہبی و فلاحی اداروں کی جانب سے لگائی جانے والی سبیلوں میں فراہمی آب کو یقینی بنایا جائے اور قبرستان جانے والے راستوں کے اطراف نکاسی آب کے نظام کو رواں رکھا جائے، تمام مین ہولز پر کور کی مو جودگی کو یقینی بنایا جائے اور سیو ریج کے پانی کو کسی بھی مقام پر کھڑا نہ ہونے دیا جائے تاکہ قبرستان جانے والوں اور عبادت گزاروں کو اس مقدس رات میں کسی دشواری کا سامنا نہ ہو۔