صحیح بخاری بلند اور عظمت والی کتاب ہے،علامہ محمدابراہیم

379

 

کراچی (پ ر) علومِ اسلامیہ کی عظیم دینی درسگاہ جامعہ ستاریہ الاسلامیہ گلشن اقبال کراچی میں تکمیل صحیح البخاری اور حفظ القرآن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا علامہ محمد ابراہیم بھٹی ، مدیر الجامعہ پروفیسر محمد سلفی ودیگر نے کہا ہے کہ صحیح بخاری بلند اور عظمت والی کتاب ہے ،قرآن مجید کی برکتوں سے حفاظ کرام کا دل ہمیشہ منور رہتا ہے۔تفصیلات کے مطابق مولانا علامہ محمد ابراہیم بھٹی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید فرقان حمید کی عظمت و رفعت کے بعد پوری کائنات کی کتابوں میں صحیح بخاری مرتبے اور رتبے کے لحاظ سے بلند اور عظمت والی کتاب ہے، انہوں نے کہا کہ اس کتاب کے ہر باب میں زندگی سے مطابقت رکھنے والے تمام مسائل کو نہایت فصاحت و بلاغت اور شریعت مطہرہ کے تحت کھول کھول کر بیان کردیا گیاہے۔ علماء کرام صحیح بخاری کے ابواب کا مطالعہ کرتے ہیں تو ان کی علمی کمالِ ہنر مندی میں اضافہ ہوتا ہے ۔ مولانا محمد ابراہیم بھٹی نے کہا کہ اس کتاب کو پڑھ کر علما کرام تمام مسائل پر اپنی گرفت بڑی مضبوط کرلیتے ہیں، جامعہ ستاریہ سے سندِ فراغت حاصل کرنے والے علماء کرام کو چاہیے کہ وہ قرآن و حدیث کے علم کو من وعن عوام الناس کے سامنے پیش کریں تو یہ پیغمبران دین کا علمی ورثہ معاشرے کے ہر فرد کوہر شعبے میں بانٹ سکتے ہیں۔ مدیر الجامعہ پروفیسر محمد سلفی نے حفاظ کرام اور علوم اسلامیہ کے فارغ التحصیل ہونے والے علماء کرام کے والدین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید کی برکتوں سے حفاظ کرام کا دل ہمیشہ منور رہتا ہے ۔