بدین (نمائندہ جسارت) تعمیر ملت اسکول کے زیر اہتمام جامعہ اسلامیہ جلال آباد میں سالانہ تقریبات کا انعقاد، پوزیشن حاصل کرنے والے خوش نصیب طلبہ میں شیلڈز اور نقد انعامات تقسیم کیے گئے۔ تقریب میں جماعت اسلامی ضلع بدین کے امیر سیدعلی مردان شاہ ودیگر اساتذہ بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی ضلع بدین کے امیر سیدعلی مردان شاہ نے کہا کہ تعلیم کے ذریعے سے تبدیلی آسکتی ہے حصول علم کا مقصد اندھیرے سے نکل کر روشنی کی طرف جانا ہے بقول نبی کریمؐ جوشخص علم کی تلاش میں نکلا وہ خدا تعالیٰ کے راستے میں ہے جب تک وہ واپس گھر کی جانب روانہ نہ ہوجائے۔ انہوں نے مزید کہا آج کل کے دور میں اسکولوں میں غریبوں کا داخلہ بند کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، جس کی وجہ سے اکثر بچوں کو تعلیم کے بجائے جبری مزدوری کرنے پر مجبور کیا جارہا ہے، جس کی وجہ سے ملک میں تعلیم کا بیڑا غرق کردیا گیا ہے۔ تعلیم کے میدان چین سب سے آگے نکل گیا ہے کیونکہ وہاں زیادہ تر لوگ تعلیم یافتہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں انقلاب تعلیم کے ذریعے سے آسکتا ہے، علم کے چراغ جلیں گے تو روشنی ہوگی۔ اساتذہ کی محنت کی وجہ سے بچے دن رات محنت کررہے ہیں، طلبہ ہی ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے، نیک بچے مستقبل کی ضمانت ہیں۔ آخر میں پوزیشنیں حاصل کرنے والے بچوں میں نقد انعامات اور شیلڈز تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر مدیر جامعہ فتح خان کھوسہ تعمیر ملت اسکول کے کوآرڈینٹر محمد حنیف ملاح، ہیلپنگ ہینڈ کے ڈسٹرکٹ پروگرام منیجر وحید احمد آرائیں، ماہر تعلیم ایاز لطیف سومرو، الخدمت فائونڈیشن کے آرگنائزر عبدالشکور شاکر، مولوی رحیم ملاح ودیگر اساتذہ بھی موجود تھے۔