بلڈر مافیا نے عوام سے کروڑوں کا فراڈ کیا ،الطاف خاصخیلی

331

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) قومی عوامی تحریک لطیف آباد کی جانب سے مہر علی ہاؤسنگ اسکیم کے متاثرین سے یکجہتی، بلڈر اور پولیس کی ملی بھگت سے پلاٹوں پر قبضے کیخلاف الطاف خاصخیلی، میر محمد، عاطف آرائیں، شفیع ملاح ودیگر کی قیادت میں حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مہر علی ہاؤسنگ اسکیم کے بلڈر نے ایک پلاٹ کو چھے چھے افراد کو فروخت کیا ہوا ہے، اصل خریدار سخت پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اے سیکشن پولیس سے ملی بھگت کرکے بلڈر نے عوام سے کروڑوں روپے کا فراڈ کیا ہے جبکہ مذکورہ علاقے میں پولیس کی سرپرستی میں منشیات کا کاروبار عروج پر ہے اور پولیس بھتا گیری میں پوری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکام بالا غریب عوام سے کیے گئے فراڈ کا نوٹس لے اور پولیس کی سرپرستی میں جاری منشیات کے کاروبار کی روک تھام کرکے شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔