نوابشاہ میں ویکیسنیشن کے دوران کئی بچے فوت ہوچکے، منور شاہ

225

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) ویکسینیٹر ویلفیئر ایسوسی ایشن کی جانب سے ویکسینیشن کا کام پیرا میڈیکل اسٹاف پر حملے سمیت دیگر مسائل پر حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے منور علی شاہ، نسیم جاوید، ادریس سومرو نے کہا کہ ویکسینیٹر کافی عرصے سے سروس اسٹریکچر، ٹائم اسکیل سمیت دیگر مطالبات کی منظوری کے لیے سراپا احتجاج ہیں اور انہوں نے گزشتہ دس روز سے کام بھی بند کردیا ہے، اس کے باوجود سندھ حکومت نے مطالبات منظور کرنے کے بجائے ویکسینیشن کا کام نرسنگ اسٹاف، مڈ وائف اور دیگر عملے کو دینے کے لیے لیٹر جاری کردیا جوکہ عملے ساتھ ناانصافی، دوسری جانب معصوم بچوں کی زندگیوں سے کھیلنے کے مترادف ہے۔ انہوںنے کہاکہ نوابشاہ میں ویکیسنیشن کے دوران کئی بچے فوت ہوچکے ہیں جس کا سبب غیر تربیت یافتہ عملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہاں بھی کوئی ایسا واقعہ پیش آتا ہے تو اس کی ذمے داری محکمہ صحت اور ڈی ایچ اوز پر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف ایک ملک میں دو نظام بلکہ ایک صوبے میں بھی دو نظام چل رہے ہیں، ایک ضلع میں ویکسینیٹر کو چھے اسکیل جبکہ دوسرے ضلع میں پانچ اسکیل دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم احتجاج کرنے پر مجبور ہیں کیونکہ ہم سے ہر مرتبہ وعدے کے باوجود ہمیں نظر انداز کیا گیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر مطالبات منظور کیے جائیں۔