تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) ایران نے بحیرئہ عرب میں اسرائیلی کمپنی کے جہاز پر میزائل داغ دیا۔ اسرائیلی ٹی وی چینل 12 کے مطابق جہاز تنزانیا سے بھارت جارہا تھا۔ جہاز کے کپتان نے حملے کے بعد بھی اپنا سفر جاری رکھا ہوا ہے۔ دوسری جانب اسرائیل کی جانب سے واقعے کے بارے میں فوری طور پر کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ اسرائیل نے ایران کو خلیج عمان میں اسرائیلی کمپنی کے ایک جہاز میں دھماکے کا ذمے قراردیا تھا۔ حملے کے نتیجے میں گاڑیاں لے جانے والے ایم وی ہیلیوس رے جہاز کے اوپری حصے میں سوراخ ہوگئے تھے۔