جھوٹی ایف آئی آر سے ہمیں ڈرایا نہیں جاسکتا،فضل احد

308

کراچی(اسٹاف رپورٹر)متاثرین اورنگی نالہ کے حق میں آواز بلند کرنا مولانا مدثر حسین انصاری کا قصور بن گیا۔انتظامیہ کی جانب سے امیر ضلع غربی مولانا مدثر حسین انصاری کے خلاف ایف آئی آر درج کردی گئی۔امیرجماعت اسلامی ضلع کیماڑی مولانا فضل احد نے ایف آئی آر کے اندراج پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اورنگی نالہ متاثرین کے لیے آواز بلند کرنے پر ایف آئی آر کا اندراج بھونڈا اقدام ہے۔عوام جماعت اسلامی کی پشت پرہیں ، جھوٹی ایف آئی آر سے جماعت اسلامی کی قیادت کو ڈرایا نہیں جاسکتا۔جماعت اسلامی کی جدوجہد متاثرین کو ان کا حق دلانے تک جاری رہے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مولانا مدثر حسین انصاری سے ملاقات میں کیا۔ انہوںنے اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ اور وزیر داخلہ سے مطالبہ کیا کہ وہ واقعے کا نوٹس لیں اور انتظامیہ کی جانب سے درج کی گئی جھوٹی ایف آئی آر فوری ختم کی جائے۔مولانا فضل احد نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کسی بھی صورت متاثرین اورنگی ٹائون کے حق کی جدوجہد سے باز نہیں آئے گی۔انتظامیہ کو عوام کو ان کا حق دینا پڑے گا۔