اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) الخدمت فاؤنڈیشن کے ایجوکیشن پروگرام بورڈ کا جائزہ و منصوبہ بندی اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی صدر محمد عبدالشکور نے کی جبکہ منصوبے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر خبیب بلال، جنرل منیجر پروگرامز حماد اختر، سینئر منیجر طیب جان اور دیگر سمیت ملک بھر سے ایجوکیشن پروگرام سے متعلقہ ذمے داران نے بذریعہ وڈیو لِنک شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمد عبدالشکور نے کہا کہ دیگر سماجی خدمات کے ساتھ تعلیمی میدان میں بھی الخدمت فاؤنڈیشن کی خدمات نمایاں ہیں۔ الخدمت ملک بھر کے لاکھوں غریب اورمستحق بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے کلیدی کردار ادا کررہی ہے۔ اجلاس میں الخدمت فاؤنڈیشن کے ملک بھر میں مکمل اور زیر تکمیل تعلیمی منصوبوں کی رپورٹوں سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔ واضح رہے کہ اس وقت ملک بھر میں قائم الخدمت اسکولوں کی تعداد 51 ہوچکی ہے، جہاں مجموعی طور پر 14306 بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کیا جارہا ہے۔ سڑکوں پر زندگی گزارنے اور کوڑا کرکٹ کے ڈھیروں سے رزق تلاش کرنے والے محنت کش بچوں کے لیے 35 چائلڈ پروٹیکشن سینٹرز قائم کیے جاچکے ہیں جن میں 1400 اسٹریٹ چلڈرن کو ابتدائی تعلیم فراہم کی جارہی ہے۔ 344 اسٹریٹ چلڈرن ان مراکز سے فارغ ہوکر اب مختلف اسکولوں میں باقاعدہ داخلہ لے چکے ہیں جبکہ اس سال مزید 200بچوں کو مختلف پرائیویٹ و سرکاری سکولوں میں داخل کروایا جائے گا۔ الخدمت کے شعبہ تعلیم کے تحت بچیوں کے لیے 82 اسکلز ڈویلپمنٹ سینٹرز بھی کھولے گئے ہیں جہاں ایسی بچیاں جو کسی وجہ سے اپنی تعلیم جاری نہیں رکھ سکیں، انہیں میٹرک تک تعلیم مکمل کرواکر ہنرمندی کے مختلف کورسز کروائے جارہے ہیں۔ اس کے علاوہ جھگیوں میں رہنے والے بچوں کے لیے جھگی اسکول کے نام سے نظا م بھی بنایا جارہا ہے۔