اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کشمیر کی آزادی اور اسلامی فلاحی ریاست کے قیام کا عنوان بنے گی۔عوام 73برس سے بار بار آزمائی ہوئی قیادت کو آزمانے کے بجائے جماعت اسلامی پر اعتماد کریں۔ جماعت اسلامی اپنے تشخص ‘ منشور، انتخابی نشان اور زندگی کے تمام شعبوں میں خدمات کے شاندار ریکارڈ کے ساتھ موجود ہے۔ صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی آزادکشمیر کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قراردلوائے گی ‘قدرتی وسائل کو درست انداز سے استعمال میں لا کر پڑھے لکھے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع فراہم کرے گی‘کشمیر بینک کو شیڈولڈ بینک کا درجہ دلوا کر پوری دنیا میں اس کی شاخیں قائم کریں گے، جس سے ہزاروں نوجوانوں کو روز گار کے مواقع فراہم ہوں گے اور بے روز گاری کا خاتمہ ہوگا۔جماعت اسلامی تحریک آزادی کشمیرکی حقیقی پشتیبان ہے۔ شہداے کے خون سے کسی کو بے وفائی نہیں کرنے دے گی۔ ڈاکٹر خالد محمود خان نے مزید کہا کہ آزادکشمیر کے عوام جاگتے رہیں اور تقسیم کشمیر کی سازشوں کے خلاف جماعت اسلامی کے دست و بازو بنیں تا کہ ہم ان سازشوں کو ناکام بنائیں۔جماعت اسلامی وحدت کشمیراور حق خودارایت پر کوئی سمجھوتا نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بیس کیمپ اپنے مقاصد کے حصول میں بری طرح ناکام رہاہے ،نہ تو کشمیرکی آزادی کے لیے کوئی موثر کردار ادا کرسکا اور نہ ہی یہاں کے عوام کے مسائل حل کیے جاسکے جب کہ جماعت اسلامی بیس کیمپ کے حقیقی کردار کی بحالی اور عوام کے مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ جماعت اسلامی صحت و تعلیم کی فراہمی اور تحریک آزادی کشمیر کے لیے بے مثل کردار کے ساتھ عوام کے درمیان موجود ہے۔ دریں اثنا جماعت اسلامی آزاد کشمیرکے سیکرٹری جنرل تنویر انور خان نے کہاہے کہ پاکستان میں 20لاکھ مہاجرین جماعت اسلامی کا ساتھ دیں تاکہ مسائل حل اور کشمیرکی آزادی کا خواب بھی شرمندہ تعمیر ہوسکے۔جماعت اسلامی مہاجرین کے حلقوں میں انتخابات میں بھرپور انداز سے حصہ لے گی۔ کارکن بھرپورتیار کریں۔ جماعت اسلامی نے بھی بھی مہاجرین کے حقوق کی ترجمانی اور نگرانی کی ہے اور آئندہ بھی ان کے حقوق پر ڈاکا نہیں ڈالنے دیں گے۔ ان خیالات کااظہارانھوںنے ایل اے 34جموں 5کے ذمہ داران سے گفتگوکرتے ہوئے کیا،انہوںنے کہاکہ انھوںنے کہاکہ مہاجرین کشمیرکی دوہری ذمہ داری ہے ایک کشمیرکی آزادی کے لیے پاکستان میں مسئلہ کشمیرکا سفیر بن کر کردار اداکرنا ہوگا۔