احساس پروگرام کے تحت رواں سہ ماہی میں 11پناہ گاہوں کا افتتاح

228

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) وزیر اعظم کے اقدامات کے مطابق احساس نے رواں سہ ماہی میں ملک کے مختلف حصوں میں 11پناہ گاہوں (شیلٹر ہومز) کا افتتاح کیا ہے جن میں 5پناہ گاہیں (شیلٹر ہومز) کراچی میں، 4 بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، قلعہ عبداللہ، گوادر اور لسبیلہ میں جبکہ ایک ایک پناہ گاہ گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے اضلاع اسکردو اور مردان میں بالترتیب قائم کی گئی ہیں۔ یہ پناہ گاہیں کم آمدنی والے اور مہاجر مزدوروں کے رہائشی علاقوں میں قائم کی گئیں ہیں۔ ڈاکٹرثانیہ نشتر نے کہا کہ یہ پناہ گاہیں ایک بیڈ اور ناشتے کی سہولت کیساتھ کھانا، ضروری سامان، صفائی ستھرائی اور تحفظ فراہم کرتی ہیں اور ہر پناہ گاہ میں 500کے قریب افراد کو مفت کھانا اور رات کے قیام کے لیے100بستروں کی سہولت فراہم کرتی ہے۔ جبکہ یہاں بیک اپ کیساتھ کیمرے کام کرتے ہیں ، صاف چادریں ، گرم پانی کی سہولت کیساتھ غسل خانے، ہفتے کے 7دن کھانے کے لیے سیلف سروس ہالز اور کھانا شفٹوں میں فراہم کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر پناہ گاہ میں لانڈری، ہائوس کیپنگ سروس اور مسجد موجود ہے۔ ضروری سامان کے لیے حکومت مالی اعانت کو یقینی بناتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ احساس نے اسلام آباد میں دہاڑی داروں کے لیے شہر کے مضافات میں واقع پناہ گاہوں تک جانے کے لیے ایک شٹل سروس بھی متعارف کرائی ہے۔