حیدرآباد ( اسٹاف رپورٹر )نیشنل لیبر فیڈڑیشن سندھ کے صدر سید نظام الدین شاہ، جنرل سیکرٹری شکیل احمد شیخ انفارمیشن سیکرٹری محمد احسن شیخ، حیدرآباد زون کے جنرل سیکرٹری اعجاز حسین نے حیدرآباد اور کوٹری کے صنعتی علاقوں میں سائٹ لمیٹڈ حیدرآباد اور سائٹ لمیٹڈ کوٹری کی جانب سے بنیادی سہولتوں کی عدم فراہمی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے صنعت کاروں اور محنت کشوں سے دشمنی کا عکاس قرار دیا ہے۔ رہنمائوں نے کہا کہ سائٹ لمیٹڈ حیدرآباد اور سائٹ لمیٹڈ کوٹری صنعت کاروں سے لیز کی مد میں کروڑوں روپے سالانہ وصول کرتی ہے لیکن یہ رقم سائٹ کے علاقوں میں بنیادی سہولتیں فراہم کرنے، محنت کشوں کی کالونیوں میں صحت مند ماحول پیدا کرنے، سڑکوں کی تعمیر کرنے کے بجائے ان اداروں کے افسران پر خرچ ہورہی ہے، جس کے نتیجے میں ایک جانب محنت کش غیر صحت مند ماحول میں رہنے اور ٹوٹی پھوٹی سڑکوں پر چل کر اپنے صنعتی اداروں میں پہنچنے پر مجبور ہیں تو دوسری جانب سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ کے نتیجے میں صنعت کار ٹرانسپورٹروں کو اضافی کرایہ دینے پر مجبور ہیں یوں محنت کشوں کو نا تو رہائشی علاقوں میں صحت مند ماحول مل رہا ہے نہ ہی تنخواہوں میں اضافہ ہو پا رہا ہے کہ صنعت کار ٹرانسپورٹر کو معمول سے دگنا اور تین گناہ کرایہ دینے پر مجبور ہیں جس کے نتیجے میں ان کی بچت میں کمی ہوتی ہے، جس کا اثر محنت کشوں کی تنخواہوں پر منتقل ہو جاتا ہے۔ رہنمائوں نے کہا کہ سائٹ لمیٹڈ حیدرآباد اور کوٹری کے ذمے داران صنعتی علاقوں میں صورتحال کو بہتر بنانے، سڑکوں کی تعمیر کرانے اور صنعتی اداروں سے نکلنے والے پانی کے لیے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگانے پر فوری توجہ دیں اور محنت کشوں اور صنعت کاروں کو بہتر ماحول فراہم کریں تاکہ ملک کی صنعتی ترقی میں اضافہ ہو سکے اور محنت کشوں کی زندگی میں بہتری آسکے۔