بدین (نمائندہ جسارت) ایس ایس پی بدین شبیر احمد سیٹھار کی زیر صدارت امن و امان کے حوالے سے اجلاس، ایڈیشنل آئی جی پی حیدرآباد ڈاکٹر جمیل احمد کی جانب سے جاری کردہ مہم برائے جرائم کی روکتھام، جرائم پیشہ افراد کی گرفتاری، چھوٹی بڑی گاڑیاں چھیننے والے گروہ، انسدادِ دہشت گردی عدالت کے روپوش و اشتہاری ملزمان کی گرفتاری، بے بنیاد ، خود ساختہ جھوٹی شکایات اور مقدمات درج کروانے والوں کیخلاف کارروائیاں، A کلاس مقدمات کو ٹریس آئوٹ کرنے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی، اوور لوڈنگ، بغیر کاغذات، بغیر نمبر پلیٹس، فینسی نمبر پلیٹ اور کالے شیشے والی گاڑیوں کیخلاف مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔ اس ضمن میں ایس ایس پی آفس میں میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔ میٹنگ میں ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر بدین، تمام ایس ڈی پی اوز، ڈی ایس پی سی آئی اے، تمام ایس ایچ اوز، چوکی انچارجز، ہیڈ محررز اور آفس اسٹاف نے شرکت کی۔ ایس ایس پی بدین نے دورانِ میٹنگ ضلع بھر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بھر میں امن و امان، منشیات، موٹر سائیکل لفٹر، چوری اور دیگر جرائم پر قابو، روپوش و اشتہاری ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔ ایس ایس پی بدین نے کہا کہ پیٹرولنگ و پکٹنگ کے عمل کو مؤثر و مربوط بنایا جائے اور گاڑیوں کے کاغذات کی چھان بین کی جائے اور مشکوک گاڑیوں پر کڑی نظر رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ شادی بیاہ و دیگر تقریبات کے موقع پر ہوائی فائرنگ، اوور اسپیڈ ڈرائیونگ کرنے والے ڈرائیورز کیخلاف قانونی کارروائیاں کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے اور کمپلینٹ سیل سے موصول ہونی والی درخواستوں کی میرٹ پر بلا تاخیر انکوائریاں کرکے رپورٹس ایس ایس پی دفتر میں ارسال کی جائیں۔