حیدر آباد، مختلف مقامات پر دودھ 120 روپے پر فروخت

401

 

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) قاسم آباد میں شاہین ڈیری، ناگوری ملک شاپ سمیت دیگر مقامات پر دودھ 120 روپے کے حساب سے بدستور فروخت کیا جارہا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر گدا حسین سومرو کی جانب سے گزشتہ روز ان ملک شاپ پر پرائز کنٹرول ایکٹ کے تحت فی ملک شاپ پچاس ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا تھا لیکن دودھ کی شاپس پر بدستور سرکاری نرخ 97 روپے فی لیٹر دودھ سے انحراف کرتے ہوئے قاسم آباد سمیت حیدرآباد کے دیگر علاقوں میں بھی 120 کے نرخ پر دودھ فروخت کا سلسلہ جاری ہے۔ ضلعی انتظامیہ کو چاہیے کہ دودھ مافیا کیخلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے ایک ماہ تک ایسی ڈیریوں کو سیل کردیا جائے تاکہ دودھ مافیا کی من مانیوں کا خاتمہ ہوسکے۔ یہ بات نیو وحدت کالونی ایکشن کمیٹی حیدرآباد کے چیئرمین شاہد سومرو نے قاسم آباد کے مکینوں سے ملاقات میں کہی۔ شاہد سومرو نے کہا کہ جرمانے ادا کرنے کے باوجود دودھ کے نرخ میں کمی نہ آنا مافیا کی ہٹ دھرمی ہے اگر ہر تعلقہ کے اندر سرکاری طور پر ایک شکایتی کیمپ قائم کرتے ہوئے عوام کو انتظامیہ دودھ سمیت روز مرہ کی چیزوں کی مانٹیرنگ کے لیے کھولاجائے تو بڑھتی مہنگائی کو کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔