این اے 249: حساس پولنگ اسٹیشنوں پر کیمرے لگانے کا فیصلہ

87

کراچی(نمائندہ جسارت)این اے 249 کراچی میں ضمنی انتخاب کے لیے حساس پولنگ اسٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کا فیصلہ۔ چیف سیکرٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ کی زیر صدارت ضمنی انتخابات سے متعلق اجلاس، انتخاب کے لیے سیکورٹی اور انتظامی معاملات کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز انور چوہان نے کہا کہ انتخاب 29 اپریل کو ہوگا، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی، ڈسکہ الیکشن میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے مسائل پیدا ہوئے، سانگھڑ، عمرکوٹ اور ملیر میں پر امن انتخابات سندھ حکومت کے تعاون کی وجہ سے ممکن ہوئے۔ چیف سیکرٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو صوبائی حکومت کی جانب سے ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔ الیکشن اور سیاسی جماعتوں کی الیکشن مہم کے دوران سیکورٹی اور پولنگ اسٹیشنز پر ضروری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ چیف سیکرٹری سندھ نے کمشنر کراچی کو صوبائی الیکشن کمشنر سے رابطے میں رہنے کی ہدایت کی۔