دیر ( نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ مسلسل لوٹوں اور نوٹوں کی بارش سے ہمارا سیاسی نظام بوسیدہ ہو چکا ہے ۔نظریہ پاکستان پر چلتے ہوئے نظریہ ضرورت کو شکست دیں گے ۔عوام کا ہماری طرف رجوع ، دراصل اللہ کے نظام کی پسندیدگی کا اظہار ہے ۔آئندہ انتخابات میں نوجوان ووٹ کی طاقت سے موجودہ اور سابق حکمرانوں
سے مایوسیوں کا بدلہ لیں گے۔ریاست کا کام پناہ گاہ بنانا نہیں ، عوام کو چھت اور روزگارکی فراہمی ہے۔ اقتدار اور اختیارات کی مسند پر فائز طبقہ ہی اپنے کردار و عمل سے معاشرے پر اثر انداز ہوتاہے ۔ بدقسمتی سے ہمارے حکمران وہ لوگ ہیں جو مغربیت کے دلدادہ ہیں اور وہی کلچر یہاں پروان چڑھانا چاہتے ہیں ، قوم کا اجتماعی شعور اسے قبول کرنے کے لیے تیار نہیں مگر دھونس ، دھاندلی سے ان کی آواز کو دبایا جاتاہے ۔ فلاحی معاشرے کی تشکیل کے لیے معاشرے کے بہترین لوگ آگے آئیں، ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کی خواہش رکھنے والوں کی واضح اکثریت موجود ہے ۔ قوم کو آگے بڑھنا ہوگا ۔ زبان سے کہنا ہم خدا اور رسول ؐ کو مانتے ہیں مگر زندگی کے معاملات میں دوسروں کی بات کے مقابلے میں اللہ اور رسول ؐ کی بات رد کرنا نہ ایمان ہے نہ اسلام ۔ وقت آگیاہے کہ قوم بے خوف ہو کر حق اور سچ کا ساتھ دے ۔ جاگیرداروں اور سرمایہ داروں سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ۔ جماعت اسلامی عوام کو اسی منزل کی جانب پکار رہی ہے جس کی خاطر ہمارے آبائو اجداد نے قربانیاں دیں ۔ ہم دین اور دنیا میں تفریق کے قائل نہیں ۔ اسلامی معاشرہ تشکیل پا گیا تو بہنوں بیٹیوں کی عزتیں محفوظ ہوں گی ۔ خوشحالی آئے گی ۔ غریب اور امیر کے لیے یکساں صحت کی سہولتیں ہوں گی ۔ طبقاتی تفریق ختم ہو گی ۔ وڈیرے اور کسان کے بیٹے اور بیٹی کو یکساں تعلیمی سہولیات میسر ہوں گی ۔جہیز کی لعنت کا خاتمہ اور عورتوں کو ان کا حق ملے گا۔جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کااظہار انہوںنے دیر پائن میں اجتماعی شادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب کا اہتمام الخدمت فائونڈیشن کی جانب سے کیا گیا تھا ۔ صدر الخدمت فائونڈیشن عبدالشکور اور امیر ضلع دیر پائن اعزاز الملک افکاری بھی اس موقع پر موجود تھے ۔سراج الحق نے الخدمت فائونڈیشن کی ملک بھر میں فلاحی سرگرمیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ قوم پر مجموعی لحاظ سے کوئی مشکل کی گھڑی ہو ، سیلاب یا زلزلہ ہو یا معاشرے میں کمزور طبقات کی مدد کا معاملہ ، الخدمت فائونڈیشن کے رضا کار ہمہ وقت خدمت کے لیے تیار ہوتے ہیں ۔ یہ جذبہ انتہائی قابل تحسین ہے ۔ جماعت اسلامی اور اس کی برادرتنظیمات دہائیوں سے محدود وسائل کے باوجود قوم کی خدمت جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ عوام کو یقین ہونا شروع ہوگیاہے کہ ان کی گردنوں پر سوار سرمایہ دار اور کرپٹ اشرافیہ ملک کو آگے نہیں لے جاسکتا ۔ سابق اور موجودہ حکمران آئے روز عوام کو دھوکا اور فریب دینے کی کوششیں کرتے ہیں ۔ غربت ، بے روزگاری ، ناخواندگی ، مہنگائی ، کرپشن ، صحت کی سہولتوں کی عدم دستیابی اور دیگر مسائل پاکستانی معاشرے کا حصہ بن چکے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ سالہا سال سے ملک کے وسائل اور خزانوں پر قابض اشرافیہ ہی ان مسائل کی بنیادی وجہ ہے ۔سراج الحق نے کہاکہ جماعت اسلامی دین اور دنیا میں افراد کی فلاح چاہتی ہے ۔ قوم سے اپیل کرتاہوں کہ وہ معاشرے میں اصلاح اور ظالم طبقات سے نجات کے لیے جماعت اسلامی کی تحریک کاحصہ بنے ۔ آزمائے ہوئے لوگ اقتدار پر قابض رہے تو پاکستان مزید تنزلی کی جانب جائے گا ۔سراج الحق نے اس موقع پر شادی کے بندھن میں بندھنے والے جوڑوں کو مبارکباد دی اور ان کی کامیاب ازدواجی زندگی کے لیے دعا کی ۔