کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے 3 محکموں ثقافت ، داخلہ اور صنعت کے ترقیاتی پورٹ فولیو کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس کی صدارت کی، جس میں انہوں نے 24.812 ارب روپے کی لاگت سے 10.646 ارب روپے جاری کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ مئی 2021ء کے اختتام تک اپنی تیز رفتار ترقیاتی اسکیمیں مکمل کریں تاکہ آئندہ مالی سال میں انہیں بجٹ بک سے حذف کیا جاسکے۔یہ ہدایت انہوں نے جمعرات کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔ چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد وسیم نے وزیراعلیٰ سندھ کو محکموں سے متعلق آگاہ کیا۔ اس موقع پر وزیر ثقافت سید سردار شاہ ، وزیر صنعت جام اکرام دھاریجو، آئی جی پولیس مشتاق مہر ، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکرٹری ساجد جمال ابڑو ، ایڈیشل چیف سیکرٹری داخلہ عثمان چاچڑ ، سیکرٹری ثقافت اکبر لغاری ، سیکرٹری صنعت ریاض قریشی ، ممبر پی اینڈ ڈی فتاح تنیو و دیگر نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ مالی مشکلات کے باوجود انہوں نے ترقیاتی اسکیموں کے لیے فنڈ کا انتظام کیا لہٰذا متعلقہ محکموں کو ان کے ترقیاتی کاموں پر توجہ دینی ہوگی۔ انہوں نے محکموں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ میں چاہتا ہوں کہ آپ اپنی تیز رفتار اسکیموں کو ترجیح دیں تاکہ انکو رواں مالی سال کے دوران مکمل کیا جاسکے اور باقی اسکیموں کی تکمیل کے لیے اگلے مالی سال میں وافر رقم فراہم کی جاسکے۔