کے پی ٹی ملازمین کی پنشن و میڈیکل بحال کیا جائے ، خالد خان

202

کراچی(اسٹاف رپورٹر)نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی کے صدر خالد خان نے وفاقی حکومت اورکے پی ٹی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ ملازمین کی پنشن اور میڈیکل بحال کیا جائے ۔کے پی ٹی ملازمین کے ساتھ کسی صورت ظلم برداشت نہیں کیا جائے گا ،نیشنل لیبر فیڈریشن ملازمین کے حقوق کے لیے ہر سطح پر آواز اٹھائے گی ، انتظامیہ جھوٹ بول کر بقایاجات ہڑپ کرنا چاہتی ہے ، ادائیگی کے لیے واضح پالیسی بنائی جائے ، بصورت دیگر نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی کے پی ٹی ہیڈ آفس پر احتجاج اور دھرنا کرے گی اس سلسلے میں پہلا مظاہرہ 6اپریل بروز منگل 4بجے کراچی پر یس کلب پر کیا جائے گا اور گورنر ہائوس کاگھیرائو بھی کیا جاسکتا ہے، امید ہے کہ حکومت اور کے پی ٹی انتظامیہ ان مسائل کو حل کرنے کے لیے جلد فیصلہ کرے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر نائب صدور این ایل ایف کراچی عبدالخالق ،محمد سلیم ،کے پی ٹی کے رہنمابشیر خان بنگش ،محمد زبیر،بخت زادہ ودیگر بھی موجود تھے۔ خالد خان نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہاکہ 2004ء میںکے پی ٹی کے ملازمین کو گولڈن ہینڈ شیک کے نام پر جبری ریٹائر کیا گیا اس وقت انتظامیہ نے 100فیصد مراعات کا وعدہ کیا تھالیکن افسوسناک صورتحال یہ ہے کہ ان جبری طور پر نکالے گئے ملازمین کو پنشن دینے سے انکار کردیا ،میڈیکل سہولت بند کردی گئی اور اس دوران چارٹرآف ڈیمانڈ کی منظوری دی گئی تواس وقت کے وفاقی وزیر نے تمام مراعات دینے کا اعلان کیا تھاجس میں مہنگائی الائونس 7فیصد اور ڈیمانڈ میں منظور ہونے والے 25فیصد کی ادائیگی جو معاہدے کے تحت دینا تھی وہ بھی نہیں دی گئی اس کے علاوہ 120گز کے مکان بھی شامل تھے جس سے ابھی تک محروم ہیں اورملازمین کا فنڈ جو ریٹائر ہونے پر انتظامیہ اتنی ہی رقم ملاکر ملازمین کو دیتی ہے اس سے بھی محروم کردیا گیااور انشورنس کی رقم کی ادائیگی بھی نہیں کی گئی۔ ملازمین نے انصاف کے لیے ہر جگہ کا دروازہ کھٹکھٹایا عدالتوں نے فیصلہ دیا کہ جو وعدہ ملا زمین سے کیا گیا تھا اسے پور اکیا جائے ۔