لاڑکانہ ،آوارہ کتوں کی بہتات برقرار ،31 افراد کو کاٹ لیا

294

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) ضلع بھر کی چاروں تحصیلوں میں آوارہ کتوں کی بہتات برقرار، ایک روز کے اندر آوارہ کتوں نے بچوں، خواتین اور بزرگوں سمیت 31 افراد کو کاٹ کر زخمی کیا جن متاثرین کا تعلق لاڑکانہ، رتودیرو، باقرانی اور ڈوکری تحصیلوں کے مختلف علاقوں اور دیہات سے ہے جنہیں چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات میں قائم اے آر وی سینٹر میں تمام متاثرین کو اینٹی ریبیز ویکسین فراہم کی گئی، اے آر وی سینٹر انتظامیہ کے مطابق رواں مہینے یکم مارچ سے 24 مارچ تک کتوں کے کاٹے کے 5 سو سے زائد کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں، رواں مہینے کے پانچ روز کے اندر 129 نئے کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، رواں سال 2021 میں اب تک تین ماہ کے اندر آوارہ کتوں کے کاٹے کے مجموعی کیسز کی تعداد 17 سو کے قریب ہے، دوسری جانب آوارہ کتوں کے کاٹے سے متاثر شہریوں نے میونسپل اور ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی پر سوال اٹھا دیے ہیں، آوارہ کتوں کی بہتات کے باعث کوٹھی کلہوڑو میں دیہاتی کتے کے کاٹے سے مر بھی چکا ہے لیکن آوارہ کتوں کا خاتمہ نہیں کیا جارہا، دیہاتیوں کے مطابق چارہ لے کر واپس آ رہا تھا کہ آوارہ کتوں نے حملہ کر کے زخمی کر دیا۔ اس حوالے سے میونسپل کمشنر جاوید عباسی کا کہنا تھا کہ شہر اور گردونواح میں یومیہ بنیادوں پر آوارہ کتوں کے خاتمے کے لیے سرگرم عمل ہیں، چھے ماہ میں 19 سو 65 آوارہ کتوں کا خاتمہ کر چکے ہیں۔