محکمہ تعلیم اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کے اقدامات کرے، مجیب اللہ

226

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن (آئینی) بلوچستان کے زیر اہتمام اپنے مطالبات کے حق میں کوئٹہ میں احتجاجی ریلی نکالی گئی جو مختلف شاہراہوں پر گشت کرنے کے بعد کوئٹہ پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرے میں تبدیل ہوئی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر ان کے مطالبات سے متعلق نعرے درج تھے۔ احتجاجی مظاہرے کے شرکاء سے صدر گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن (آئینی) بلوچستان مجیب اللہ غرشین، سید عزیز آغا و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ صوبائی حکومتوفاق اور دیگر صوبوں کے طرز پر 9 سے 15 اسکیل کی گریڈ 16 میں اپ گریڈیشن، اساتذہ کے تمام کیڈرز میں ابہامات ختم کرنے، پروموشن کوٹے پر عدالت عالیہ کے فیصلے پر عملدرآمد، رابطہ معلمین کی پروموشن کا مسئلہ حل، ایس ایس ٹیز اور مساوی اساتذہ کے لیے ٹائم اسکیل اسٹرکچر وائز، گلوبل پارٹنر شپ اساتذہ کومستقل، محکمہ صحت کے طرز پر اساتذہ کے لیے الائونس، مہنگائی کے پیش نظر یوٹیلٹی الائونس، میڈیکل ری ایمبرسمنٹ چارجز کے بجائے صحت پالیسی جاری کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے اکثر علاقوں میں پرائمری اسکولوں میں ایک ہی ٹیچر ہے جو 5 کلاسوں کے لیے ناکافی ہے، محکمہ تعلیم اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کے لیے اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ مطالبات منظور نہ کیے جانے تک احتجاج جاری رہے گا۔