ن لیگ اپنے ہی گھر میں پاور شو اور دنگل کرنے جارہی ہے،شیخ رشید

208

اسلام آباد (نمائندہ جسارت) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مریم نواز کی نیب پیشی پر ن لیگ حکومت کو نہیں بلکہ پیپلز پارٹی کو طاقت دکھانا چاہتی ہے، لاہور والوں کو بتارہا ہوں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے، اسلام آباد، لاہور، پشاور اور کراچی میں ریڈ الرٹ ہے ۔ بدھ کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ مریم نواز کی نیب پیشی کے موقع پر پنجاب حکومت کی درخواست پر رینجرز تعیناتی کی منظوری دے دی ہے، ن لیگ اپنے ہی گھر اور اکھاڑے میں پاور شو اور دنگل کرنے جارہی ہے، گزشتہ پیشی پر میڈیا نے ان کی گاڑیوں میں پتھروں کے ڈھیر دکھائے، یہ عمران خان کو نہیں بلکہ پیپلز پارٹی کے لیے شو آف پاور کرنا چاہتے ہیں، اپوزیشن عمران خان کے لیے بہتری کے راستے بناتی ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ مریم نواز نے خود تو حفاظتی ضمانت کرالی اور کارکنوں کو کہہ رہی ہیں کہ آگے آئیں حالانکہ حقیقی سیاست دان تو عوام کی ڈھال ہوتا ہے، عوام کو ڈھال نہیں بناتا۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمن کی حالت پر ترس آتاہے، ان کی سیاست خلا میں لٹک رہی ہے، پی ڈی ایم ٹائیں ٹائیں فش ہوچکی ہے، 11 پارٹیوں کے کوئی نام بتادے، 500 روپے انعام دوں گا، یہ ڈھائی پارٹیاں ہیں، ایک ایک ن لیگ اور پی پی کی جبکہ جے یو آئی کی آدھی پارٹی ہے۔انہوں نے کہا کہ قطر کے دورے پر گیا تھا جہاں سے مزدوروں کی ڈیمانڈ آجائے گی، کویت کے دورہ پر بھی جلد جاؤں گا، ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ڈی ایم کی یہ ساری سرگرمیاں ٹی وی اسکرین پر قبضہ دکھانے کی کوشش ہے، 26 کی شام کو یہ ایکسپوز ہوجائیں گے کہ کتنے لوگ تھے، وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے 10 سینئر لوگوں کی کمیٹی بنائی ہے۔تمام پارٹیوں سے بات چیت ہونی چاہیے، بات چیت کے دروازے بند نہیں کرنا چاہیے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے بھر پور اقدامات کر رہے ہیں،مہنگائی سال ڈیڑھ میں ختم ہوجائے گی۔