کوئٹہ/ کرک (آن لائن) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ حالات ایسے بنائے گئے کہ آج پشتونوں کواپنے وجود کا خطرہ ہے، پشتونوں کی جاری نسل کشی کے خاتمے کیلیے پشتونوں کو مل بیٹھ کر سوچنا ہوگا، دنیا میں ہماری جانور جتنی اہمیت بھی
نہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ضلع کرک کے کلی عمر آباد میں چیئرمین عجب خان کی رہائش گاہ پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ بحیثیت پشتون جس صورتحال کا سامنا خیبر پختونخوا کے لوگ کر رہے ہیں اسی صورتحال سے ہم بھی گزر رہے ہیں، ہمیں درپیش مسائل ومشکلات کیلیے مل کر بیٹھنے کی ضرورت ہے، ہم نے کسی کو کوئی نقصان پہنچایاہے نہ ہی اپنے وطن کا کبھی سودا کیاہے، ہم نے ہمیشہ اپنے وطن کا دفاع کیا ہے، ہمارے وطن کی معدنیات پر ہمارے بچوں کا حق ہے اور اپنے حق کو چھوڑنا بے غیرتی ہے۔ افغان سرزمین جہاں دنیا کی ہر قوم کاخون بہا ہے لوگ بندوق سے ناواقف تھے لیکن آج افغانستان دنیا میں اسلحے کی سب سے بڑی منڈی بنا دی گئی ہے، یہاں جاری جنگ جو 10 سال میں ختم ہوسکتی تھی لیکن ایک غلطی کی وجہ سے 40 سال سے جاری ہے، دنیا میں ہمیں اس جانور جتنی اہمیت حاصل نہیں جو دنیا کہتی ہے کہ فلاں جانور کو نہ مارو اس سے دنیا کی خوبصورتی ختم ہوگی۔