لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ہماری رگوں میں سیلیکٹ ہونے والا سلسلہ ہی نہیں ہے البتہ لاہور سے ایک سیاسی خاندان کا یہ ماضی ضرور رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے منصورہ میں امیرجماعت اسلامی سراج الحق سے ملاقات کی، ملاقات میں بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف، نیئر بخاری سمیت دیگر رہنما موجود تھے۔ جبکہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے ہمراہ امیرالعظیم، لیاقت بلوچ، ڈاکٹر فرید پراچہ اور قیصر شریف موجود تھے۔
ملاقات میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور امیرجماعت اسلامی سراج الحق کے درمیان ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ انتخابی اصلاحات، احتساب، مسئلہ کشمیر پر پیپلزپارٹی اور جماعت اسلامی کا نکتہ نظرایک ہے، یکطرفہ احتساب کے نتیجے میں عمران خان کی حکومت میں کرپشن میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے انتخابی اصلاحات کو لازمی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر انتخابی اصلاحات کے بغیر انتخابات ہوتے ہیں تو کوئی ان انتخابات کی شفافیت پر یقینی نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ “گیلانی صاحب چیئرمین سینیٹ کا انتخاب جیت چکے ہیں، مگر جو ناانصافی اس معاملہ میں کی گئی، اس کا عدالت و پارلیمان سمیت ہر پلیٹ فارم پر مقابلہ کریں گے۔”
صحافیوں کے مریم نواز سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی نائب صدر پر بات کرنا ہوتی تو اپنی پارٹی کے نائب صدر کو بات کرنے کا کہتا۔ انہوں نے کہا کہ کسی نے مجھ پر سلیکٹڈ ہونے کا الزام لگایا، اگر کوئی مجھ پر الزام لگانے کی کوشش کررہا ہے کہ میں سلیکٹ ہونے کیلئے تیار ہوں تو یہ واضح کردوں کہ ہماری رگوں میں سیلیکٹ ہونے شامل ہی نہیں، البتہ لاہور کے ایک سیاسی خاندان کا یہ ماضی ضرور رہا ہے۔