راولپنڈی: محکمہ موسمیات کی جانب سے اس بات کا امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ 23 مارچ کو پریڈ والے دن وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں موسلا دھار بارش ہوگی، جس کے پیش نظر پریڈ کو دو دن کیلیے مؤخر کردیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 23 مارچ کی پریڈ خراب موسم کے باعث ری شیڈول کردی گئی اور یوم پاکستان کی پریڈ اب 25 مارچ کو ہوگی اور مسلح افواج کی یہ پریڈ مقررہ وقت پر شکرپڑیاں میں شروع ہوگی۔
خیال رہے یوم پاکستان کی مناسبت سے ہر سال شکر پڑیاں گراؤنڈ اسلام آباد میں مسلح افواج کی شاندار پریڈ کا انعقاد ہوتا ہے اور اس سال بھی مسلح افواج نے پریڈ کے لیے بھرپور تیاریاں کی ہیں ، پاک فضائیہ کے طیاروں نے وفاقی دارالحکومت کی فضاؤں میں ریہرسل بھی کی ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد اور راولپنڈی میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث موسم میں ٹھنڈک ہوگئی ہے اور درجہ حرارت کم ہوگیا ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹے کے دوران مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
واضح رہے کہ یوم پاکستان، پاکستان کی تاریخ کا بہت اہم دن ہے ، اس دن قرارداد پاکستان پیش کی گئی تھی، جس کی بنیاد پر مسلم لیگ نے برصغیر میں مسلمانوں کے جدا وطن کے حصول کے لیے تحریک شروع کی تھی اور 7 برس کے بعد اپنا مطالبہ منظور کرانے میں کامیاب رہی، وہ مطالبہ جو اسلامی جمہوریۂ پاکستان کے نام سے دنیا کے نقشے پر ابھرا ہے۔