کوئٹہ(نمائندہ جسارت)کوئٹہ میں3کمسن بچوں کو ذبح کرکے قتل کرنے والا گھر کا ڈرائیور نکلا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا،ملزم نے دوران تفتیش اعتراف جرم بھی کرلیا۔ ڈی آئی جی کوئٹہ اظہر اکرم نے اتوار کو کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ 3بچوں کے قتل میں ملوث ملزم اقبال سبی کا رہائشی اورٹیکسی ڈرائیور تھا ،وہ مقتول بچوں کے گھر والوں کو پک اینڈ ڈراپ دیتا تھا۔انہوں نے بتایا کہ15 مارچ کو کوئٹہ کے علاقے نیو سریاب میں کلی غلام رسول کے ایک گھر میں 3 کم عمر بچوں کو انتہائی بے دردی سے تیز دھار آلے کی مدد سے ذبح کرکے قتل کیا گیا تھا، قتل کیے گئے بچوں کی عمریں 5 سے 10 سال کے درمیان تھیں، بچوں کی شناخت حسنین احمد، اقصیٰ اور زین العابدین کے ناموں سے کی گئی تھی، واقعے کے نتیجے میں 7 سالہ بچی کشمالہ شدید زخمی ہوئی تھی، ملزم نے اس کا گلہ بھی کاٹ دیا تھا تاہم وہ معجزانہ طور پر بچ گئی تھی۔پولیس کے مطابق زخمی بچی بات نہیں کرسکتی تھی تاہم اسے مشکوک افراد کی تصاویر دکھائی گئی جس پر بچی نے قاتل کی نشاندہی کی۔ ڈی آئی جی اظہر اکرم نے کہا کہ ملزم اقبال کی بچوں کے والدین سے رنجش تھی اور وہ بچوں کے ساتھ ساتھ ان کے والدین کو بھی قتل کرنا چاہتا تھا۔انہوں نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزم نے اعتراف جرم کرلیا ہے، ملزم کو عدالت میں پیش کرکے 3روزہ ریمانڈ بھی حاصل کرلیا ہے۔انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ تہرے قتل کے اس مقدمے کو ماڈل کورٹ میں چلا کر جلد از جلد فیصلہ سنایا جائے۔