لاڑکانہ ،بے امنی کی لپیٹ میں ،چوری و ڈکیتیوں کی واردات میں اضافہ

433

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) تھانہ دڑی کی حدود نیو مراد واہن محلہ میں واقع ایک گھر کے کمرے سے 47 سالہ شخص شاہد حسین قریشی کی لاش برآمد ہونے کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی جس کے بعد پولیس نے پہنچ کر لاش تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے چانڈکا اسپتال منتقل کردی جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کی گئی، پولیس کے مطابق ورثاء نے اپنے ابتدائی بیان میں بتایا ہے کہ شاہد حسین نشے کا عادی تھا جس نے خود کو گھر کے کمرے میں بند کیا اور صبح کے وقت گھر والوں نے کمرہ کھولنے کی کوشش کی تو کوئی آواز نہ ملنے پر وہ دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئے جہاں اس کی لاش پڑی تھی۔ پولیس مزید تفتیش کررہی ہے۔ قمبر کے قریب گاؤں کمال خان چانڈیو میں 25 سالہ نوجوان لڑکی نائلہ چانڈیو مبینہ طور پر سولر پلیٹ صاف کرتے ہوئے بجلی کی تاروں سے کرنٹ لگنے کے باعث بے ہوش ہوئی جسے چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے لاش ورثاء کے حوالے کردی۔ لاڑکانہ شہر کے اولڈ بس اسٹینڈ کے علاقے میں آئل سے بھرا ٹینکر اور ٹریکٹر بجلی کی گیارہ ہزار وولٹیج تاروں کی زد میں آنے کے باعث ٹینکر ڈرائیور مانسہرہ کا رہائشی 60 سالہ عبدالمومن پٹھان اور ٹریکٹر ڈرائیور فیصل کالونی کا رہائشی امان اللہ شیخ جھلس کر شدید زخمی ہوئے، جنہیں لوگوں نے تشویش ناک حالت میں چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا، جہاں دوران علاج عبدالمومن دم توڑ گیا، جبکہ زخمی کو طبی امداد دی گئی۔ تھانہ رحمت پور کی حدود نظر محلہ میں نامعلوم چوروں نے شہری عبدالقادر مغیری کے گھر کے تالے توڑ کر گھر میں موجود 6 تولہ سونے کا ہار، لائسنس، پستول، نقدی، کپڑے و دیگر سامان چوری کرکے فرار ہوگئے۔ اطلاع پر حد کے تھانہ کی پولیس نے پہنچ کی شواہد اکھٹے کرکے معاملے کی تحقیقات شروع کردی۔ اس حوالے سے متاثرہ شہری عبدالقادر مغیری کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز گھر والے آبائی گاؤں چلے گئے تھے، رات بارہ بجے کے قریب بجلی بند ہونے کے باعث میں باہر گیا تو پیچھے سے نامعلوم چوروں نے گھر کے تالے توڑ کر کارروائی کی۔ پولیس کو اطلاع کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ انہوں نے ڈی آئی جی اور ایس ایس پی لاڑکانہ سے اپیل کی کہ ملوث چوروں کو گرفتار کرکے سامان واپس کرکے انصاف فراہم کیا جائے۔