مسئلہ کشمیر پر او آئی سی کا موقف دو ٹوک اور مضبوط ہے‘ پاکستانی مندوب

423

دنیا بھارت کے ساتھ تعلقات پر نظر ثانی کرے‘ کشمیر کمیٹی جدہ کے تحت نشست سے رضوان سعید شیخ کی گفتگو

کشمیرکمیٹی جدہ کی جانب اسلامی تعاون تنظیم (اوآئی سی) میں پاکستان کےمستقل مندوب سفیررضوان سعید شیخ کے ساتھ ایک خصوصی نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں قونصل جنرل پاکستان خالد مجید، طارق ملک (انچارج ویزا سیکشن)، پریس قونصلر سید حمزہ سلیم گیلانی، الیاس نظامی (اوآئی سی)، کشمیر کمیٹی جدہ کے صدر مسعود احمد پوری، محمدعامل عثمانی، عامرغنی میر، سرداراقبال یوسف اور یوسف پرویز مسیح نے بھی شرکت کی۔ کورونا کی عالمی وبا کے تناظر میں احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے تقریب میں مدعو افراد کی تعداد محدود رکھی گئی تھی۔
دوران نشست شرکا نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اورمسئلہ کشمیرکواجاگر کرنے میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے کردار پر تبادلہ خیال کیا اور اس کے مثبت کردار کی تعریف کی۔ سفیر رضوان شیخ نے بتایا کہ اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کا 47 واں سالانہ اجلاس جو نائیجر کے دارالحکومت نیامے میں 27 سے 28 نومبر 2020ء کو ہوا تھا، اس میں مسئلہ کشمیر پر ایک جامع قرارداد منظور کی گئی تھی جو اس موضوع پر پچھلی تمام قراردادوں سے زیادہ مفصل اور واضح تھی۔
سفیررضوان شیخ نے مزید بتایا کہ اسلامی تعاون تنظیم کے فیصلے نے 5 اگست 2019ء کو بھارتی اقدامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی اور تنظیم نے مسئلہ کشمیر کے لیے اپنی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کا اعادہ کیا۔ ساتھ ہی عالمی برادری سے درخواست بھی کی کہ وہ بھارت کے ساتھ اپنے تعلقات پر نظر ثانی کرے۔
اس کے علاوہ سعودی عرب، ترکی اور نائیجر کے وزرائے خارجہ نے اجلاس کے دوران اپنی تقاریر میں مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ اجلاس میں او آئی سی نے کشمیریوں کے حقیقی نمایندوں کا ایک الگ وفد بھی مدعو کیا تھا، جس کے سربراہ صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے شرکا کو کشمیریوں کی ابتر صورتحال سے آگاہ کیا۔ اس کے علاوہ نمایندہ خصوصی برائے سیکرٹری جنرل او آئی سی کے دورہ آزاد کشمیر کے حوالے سے ایک رپورٹ بھی وزرائے خارجہ کے اجلاس میں تقسیم کی گئی۔
اسلامی تعاون تنظیم میں پاکستان کے مستقل مندوب نے زور دیا کہ یہ تمام اقدامات او آئی سی کے مسئلہ کشمیر پر پاکستانی موقف کی تائید کا ثبوت ہيں۔ پاکستان کے لیے او آئی سی کا مسئلہ کشمیر پر موقف خاص اہمیت کا حامل ہے، کیوں کہ یہ تنظیم کے 56 رکن ممالک کے اجتماعی موقف کا آئینہ دار ہے۔

پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں بہتری کے لیے مختصر دورانیے کے کورس ضروری ہیں

انسٹیٹیوشن آف انجینئرز پاکستان سعودی عربیہ سینٹر کے زیر اہتمام تربیتی پروگرام سے مقررین کا خطاب

سعودی دارالحکومت ریاض میں انسٹیٹیوشن آف انجینئرز پاکستان سعودی عربیہ سینٹر کی جانب سے’’Lean Six Sigma Training‘‘ کا انعقاد کیا گیا، جس میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ماہرین اور انجینئروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا تھا۔ اس موقع پر تربیت کار عدنان رفیق کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کا مقصد پیشہ ورانہ طور پر کام کرنے والے افراد کو کم وقت میں سرٹیفکیشن کورس کروانا ہے، تاکہ وہ اپنی ملازمتوں اور کاروبار میں Six Sigma کے اصول اور طریقہ کار کو اپنا کر پیداواری صلاحیت کے بہتر نتائج حاصل کر سکیں۔
انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ کے چیئرمین سید اقبال کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو انجینئرنگ اور دیگر پیشہ ورانہ تعلیم کے ساتھ اس طرح کے سرٹیفکیشن کورس کرنا بہت ضروری ہیں، جس سے ان کی صلاحیتوں میں نکھار پیدا ہو اوروہ کاروبار کو بہتر اور پیشہ ورانہ انداز میں چلا سکیں۔
تقریب کے دیگر مقررین میں انجینئر میاں حامد، انجینئر یوسف اسماعیل اور انجینئر فاروق اقبال نے بھی ایسے تربیتی پروگراموں کو نوجوانوں کے لیے قیمتی اثاثہ قرار دیا، جو ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں بہتری لائیں اور مسابقتی مارکیٹ میں انہیں بہتر مقام دلا سکیں۔

سینیٹ الیکشن میں یکطرفہ فیصلہ حکومتی چال تھی‘ عظیم اشرفی

مسلم لیگ ن یوتھ ونگ و ینگ مدینہ منورہ کے جنرل سیکرٹری کا عشایئے سے خطاب

پاکستان مسلم لیگ ن یوتھ وینگ مدینہ منورہ کے جنرل سکرٹری عظیم اشرفی کے اعزاز میں ن لیگ سوشل میڈیا (سعودی عرب) کی صدر سائرہ شمس نے عشایئے کا اہتمام کیا، جس سےخطاب کرتے ہوئے عظيم اشرفی نے کہا کہ مسلم لیگ ن واحد جماعت ہے جس کی قیادت نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے اور اس کی زندہ مثال مریم نواز اور حمزہ شہباز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کارکنوں میں جوش و جذبہ پہلے سے زیادہ ہے کیوں کہ پی ڈی ایم نہ صرف ان کے لیے بلکہ پورے پاکستان کے عوام کے لیے امید کی ایک کرن بن چکی ہے۔ حالیہ سینٹ کے انتخابات میں یک طرفہ فیصلہ حکومت کی ایک چال تھی۔
اس موقع پر سائرہ شمس کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی سوشل میڈیا ٹیم ہر محاذ سر کرنے کے لیے تیار ہے۔ دورِ حاضر میں سوشل میڈیا سے پوری دنیا میں اپنے حق کی آواز پہنچائی جا سکتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے مسلم لیگ ن ہمیشہ سے کوشاں رہی ہے۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن یوتھ ونگ ویسٹرن ریجن اور پاک اوورسیز میڈیا کےجنرل سکرٹری میاں محی الدین نے خصوصی شرکت کی۔ شرکا میں رانا ساجد، محمد عامر اور سمیع شمس بھی موجود تھے۔

پاکستان کشمیریوں کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھے گا

ریاض انٹرنیشنل کشمیر پریس کلب کے عہدیداروں کا پریس کانفرنس سے خطاب

ریاض انٹرنیشنل کشمیر پریس کلب سعودی عرب کے صدر سردار محمد رزاق خان، ریاض ریجن کے صدر ملک محمد جہانگیر اور مرکزی نائب صدر سردار مدثر فاروق نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 23 مارچ مملکت خداداد کی تاریخ کا سنہرا دن ہے۔ قیام پاکستان ہی کی بدولت مسلمانوں کو آزادی اور ترقی کے مساوی حقوق میسر آئے۔ یوم پاکستان پر ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد نظم و ضبط کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوموں کی زندگی میں آزادی کا دن بڑی اہمیت کا رکھتا ہے، جسے قوم کی تاریخ میں سنگ میل کی حیثیت سے ہمیشہ یاد رکھا جاتا ہے۔ یہ ملک اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا تھا۔ آج ہم سب مسلمان ایک ہیں اور سب مل کر پاکستان کو مستحکم کریں گے۔ پریس کانفرنس میں ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی بھر پور اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ بہت جلد کشمیری آزادی کی نعمت سے سرفراز ہوں گے۔

پی ٹی آئی ریاض کے انتخابات اور رکنیت سازی سے متعلق اجلاس

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں رابطہ کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر سلمان شاہد کی سربراہی میں ایک اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں پی ٹی آئی ریاض سعودی عرب کے انتخابات اور رکنیت کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اجلاس میں سابقہ منتخب و دیگر تمام سینئر ارکان نے خصوصی شرکت کی، جن میں لیاقت علی خان، ڈاکٹر ندیم بھٹی، سردار طلعت محمود، ڈاکٹر عبدالحکیم، شاکر اللہ، ظفر علی استاد، اکرام لالہ، ارشاد مندوخیل، عامر بشیر، شاہنواز ہندل، اعجاز چودھری اور دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر تمام ارکان نے اس بات پر اتفاق کیا کہ رواں برس پورے سعودی عرب میں مشاورت کے ساتھ ایک پینل تشکیل دینے کی کوشش کی جائے گی۔
اس موقع پر سابق جنرل سیکرٹری عبداللہ ملک نے اپنے بیان میں تمام ارکان سے اپیل کی کہ پاکستان کی خاطر تمام ارکان متحد ہوکر ایک مشترکہ پینل پر متفق ہوں اور اپنے نمایندے سامنے لے کر آئیں تاکہ پارٹی کی بہترین نمایندگی ہو سکے۔ اس موقع پر سابق صدر سینٹرل ریجن عبدالقیوم خان، سابق صدر ریاض سٹی، سابق صدر خیبر پختونخوہ ونگ تاج محمد خان، کمیٹی کے چیئرمین سلمان شاہد، سابق سیکرٹری لیبر افیئر راجا گلزیب کیانی نے بھی اپنے خيالات کا اظہار کیا۔