آج ملتان میں بہرصورت جلسہ ہوگا، جماعت اسلامی

361

لاہور(نمائندہ جسارت)مرکزی سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف نے کہا ہے کہ حکومت فاشسٹ ہتھکنڈے اپنانے سے باز رہے۔ ملتان چونگی نمبر 9پر جلسے کی راہ میں ضلعی انتظامیہ نے رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کی تو ڈی سی او آفس کے باہر دھرنا ہو گا۔ منصورہ سے جاری ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ آج ملتان میں ہر صورت جلسہ ہوگا، جس سے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کلیدی خطاب کریں گے۔ انھوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ پنجاب حکومت اور ضلعی انتظامیہ عوام کے بنیادی جمہوری حق پر ڈاکا ڈالنے کی کوشش کرتے ہوئے جلسے کو روکنے کے لیے ہر طرح کے ہتھکنڈے اپنا رہی ہے جو کہ آئین پاکستان کی خلاف ورزی ہے۔ انھوں نے کہا کہ پرامن احتجاج ہر شہری اور سیاسی پارٹی کا حق ہے۔ جماعت اسلامی چونگی نمبر 9 ملتان میں ہر صورت جلسہ کرے گی اور اگر انتظامیہ نے اپنا رویہ تبدیل نہ کیا تو پورے شہر کو احتجاج کے ذریعے جلسہ گاہ میں تبدیل کر دیں گے جبکہ مرکزی دھرنا ڈی سی او آفس کے باہر ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ شہری انتظامیہ کی طرف سے جماعت اسلامی کے بینرز اورپینا فلیکس اتارنے کی مذموم حرکت کی گئی ہے جو قابل مذمت ہے۔ انھوں نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی ہدایت پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جو کہ مستقبل کی احتجاجی تحریک کا لائحہ عمل تیار کر رہی ہے۔