افغانستان کے اصغر افغان ٹوئنٹی ٹوئنٹی میں عالمی اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب

144

سید پرویز قیصر
افغانستان کے اصغر افغان ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ میچ جیتنے کا مہندر سنگھ دھونی کا عالمی ریکارڈ برابر کر نے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔زمبابوے کے خلاف ابو ظہبی میں دوسرے ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ میں45 رن کی کامیابی اصغر افغان کی52 ویں ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ میں41 ویں تھی۔ انکی قیادت میں افغانستان کو نو میچوں میں شکست ہوئی ہے جبکہ ایک میچ ٹائی رہا ہے۔ اس ٹائی میچ میں سپر اوور میں افغانستان کو شکست ہوئی تھی۔
مہندر سنگھ دھونی نے 2007 اور2016 کے درمیان جن72 ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ میں ہندوستان کی قیادت کی ہے اس میں41 میں کامیابی ملی ہے28 میں شکست ہوئی ہے۔ دو میچ نامکمل رہے ہیں اور ایک میچ ٹائی رہا ہے جس میں بول آوٹ میں ہندوستان نے کامیابی حاصل کی تھی۔
اصغر افغان نے کولمبو میں2010 کو نوروز منگل کی قیادت میں آئیر لینڈ کے خلاف پہلا ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ کھیلا تھا۔ اس میچ میں افغانستان کو پانچ وکٹ سے شکست ہوئی تھی۔بیس ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں مین شرکت کرنے کے بعد انہیں ہالینڈ کے خلاف ایڈنبراہ میں9 جولائی2015 کو پہلی مرتبہ افغانستان کی قیادت کا موقع ملا تھا۔ اس میچ میں افغانستان کو32 رن سے کامیابی ملی تھی۔
لگاتار تین ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں میں جیت کے بعد انہیں اپنی پہلی شکست ہانگ کانگ کے ہاتھوں ملی تھی۔ڈبلن میں 21 جولائی2015 کو ہوئے میچ میںاٖفغانستان کو پانچ وکٹ سے شکست ہوئی تھی۔
اصغر افغان نے سب سے زیادہ میچ متحدہ عرب امارات میں جیتے ہیں۔ یہاں انہوں نے17ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں میں افغانستان کی قیادت کی ہے جس میں پندرہ میں وہ جیت دلانے میں کامیاب رہے ہیں۔ہندوستان میں بھی انہوں نے اتنے ہی میچ جیتے ہیںمگر 19 ٹونٹی ٹونٹی میچوں میں قیادت کے بعد۔آئیرلینڈ میں پانچ میں سے چار میچ جیتے ہیں جبکہ بنگلہ دیش میں تین میں سے دو میچوں میں انہوں نے اپنی ٹیم کو کامیابی دلائی ہے۔اسکاٹ لینڈ میں تین میں سے دواور زمبابوے میں دو میں سے دو میچوں میں انہوں نے جیت دلائی ہے۔
آئیر لینڈ کے خلاف وہ تیرہ میں سے بارہ میچ جیتے ہیں۔زمبابوے کے خلاف وہ دس میں سے نو میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔ متحدہ عرب امارات کے خلاف وہ چھ میں سے پانچ میچ جیتے ہیں۔عمان کے خلاف پانچ مرتبہ انہوں نے اٖفغانستان کی قیادت کی ہے اور ہر مرتبہ جیت دلائی ہے۔
مہندر سنگھ دھونی نے اپنا پہلا ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ جنوبی افریقہ کے خلاف جوہانسبرگ میں یکم دسمبر2006 کو کھیلا تھا۔26 میچوں میں شرکت کے بعد انہوں نے پہلی مرتبہ ہندوستان کی قیادت اسکاٹ لینڈ کے خلاف13 ستمبر2007 کو کی تھی۔ ٹاس کے بعد یہ میچ بارش کی نذرہوگیا تھا۔ دوسرے دن اسی میدان پر پاکستان کے خلاف میچ ٹائی ہوا تھا جو بول آوٹ میں ہندوستان نے جیتا تھا۔جوہانسبرگ میں16 ستمبر کو مہندر سنگھ دھونی کی قیادت میں ہندوستان کو پہلی شکست ہوئی تھی۔ یہ میچ نیوزی لینڈ نے دس رن سے جیتا تھا۔