لاڑکانہ، سسرال والے ظلم اور زیادتیاں کررہے ہیں، فریدہ ڈہر

154

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) تھانہ اللہ آباد کی حدود خالق کالونی میں شادی شدہ دو بچوں کی ماں فریدہ زوجہ عبدالقیوم ڈیپر کو مبینہ طور پر ساس سمیت ان کے گھر والوں کی جانب سے گھریلو تنازع پر بال کاٹ کر تذلیل کا نشانہ بنایا جس کے بعد متاثرہ خاتون تھانہ پہنچ گئیں، جہاں ان کی شکایت درج کی گئی، جس کے بعد پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کردی۔ اس حوالے سے متاثرہ خاتون فریدہ ڈہر نے الزام عائد کیا کہ ساس وزیران خاتون ان کی بیٹیوں عظمیٰ، عصمہ سمیت دیگر نے گھریلو تنازع پر ان کے بال کاٹ کر تذلیل کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ 14 سال قبل عبدالقیوم سے شادی ہوئی جس سے دو بچے ہیں، شوہر کئی سال سے روزگار کے سلسلے میں سعودی عرب میں رہائش پذیر ہے، جس سے الگ گھر خریدنے کو کہا، تاہم ان کی جانب سے اپنے والدین کے گھر میں رہائش اختیار کرنے کے باعث وہ مجھ پر مسلسل ظلم اور زیادتیاں کررہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ معاملے کی تحقیقات کرکے مقدمہ درج کرکے انصاف فراہم کیا جائے۔ دوسری جانب ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے تھانہ اللہ آباد کے ایس ایچ او کو تحقیقات کے بعد قانونی کارروائی کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں جبکہ ڈی آئی جی آفس لاڑکانہ ایس پی کمپلینٹ سیل اختر خسین چانڈیو نے نوٹس لیتے ہوئے انچارج وومین اینڈ پروٹیکشن سیل نغمہ ناز کو خود معاملے کی نگرانی کرنے کی ہدایات جاری کیں جس کے بعد انہوں نے ایس ایچ او اللہ آباد سے رابطہ کرکے انکوائری رپورٹ کے ساتھ قانونی کارروائی کی بھی ہدایات کیں۔