سکھر ،سیپکو کے ایس ای کا کسٹمر سروس سینٹر کو فعال کرنے کی ہدایت

317

سکھر (نمائندہ جسارت) سیپکو کے ایس ای فرحان شبیر ملک نے کہا ہے کہ سکھر شہر کے جن علاقوں کے بجلی کے میٹرز کو سیکور کیا گیا ہے انہیں ایک ماہ کے اندر اندر ایکسپریس فیڈرز میں شامل کرلیا جائے گا، تاجروں اور شہریوں کے جائز مسائل اور سیپکو سے متعلق شکایات کے ازالے کے لیے ایکسیئن سیپکو اور ایس ڈی اوز ہر منگل اور بدھ کے روز دوپہر 12 بجے سے 2 بجے تک آل سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے دفتر میں خود بیٹھ کر مسائل و شکایات کو حل کریں گے۔ یہ بات انہوں نے آل سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے بانی و قائد حاجی ہارون میمن کی زیر قیادت ملاقات کرنے والے تاجروں کے نمائندہ وفد سے اپنے دفتر میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر راج کمار اور سیپکو کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔ قبل ازیں حاجی ہارون میمن نے اے سی سیپکو سے کہا کہ سیپکو کسٹمر سروس سینٹر جوکہ کافی عرصے سے غیر فعال ہے اسے فعال بناکر صارفین کیلیے فائدہ مند بنایا جائے۔ آباد کے علاقے میں ٹرانسفارمر لگا کر لوگوں کو بجلی میٹرز لگا کر دیے جائیں تاکہ بجلی چوری پر قابو پایا جاسکے۔ شاہی بازار، میانی روڈ، شالیمار، مینارہ روڈ اور دیگر علاقوں کے بیشتر مقامات کے سینٹرز کو سیکور کردیا گیا ہے۔ وہاں سیکور کرنے کا کام مکمل کرکے ان علاقوں کو بھی ایکسپریس فیڈرز میں شامل کرکے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ کیا جائے۔ حاجی ہارون میمن نے اے سی سیپکو کے سامنے شکایات کرتے ہوئے کہا کہ ایکسپریس فیڈرز کے علاقوں میں بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے اور ڈیڈکشن بلز جاری کردیے جاتے ہیں جس پر ایس سی سیپکو نے کہا کہ ان تمام شکایات کو میں از خود مانیٹرنگ کروں گا اور ہر جائز شکایات کو ختم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صارفین کے جائز مسائل حل کرنا سیپکو افسران کی ذمے داری ہے اور ان کے فرائض میں شامل ہے۔ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ جلد از جلد صارف کا مسئلہ حل ہو اور شکایت کا موقع نہ ملے۔ جس پر حاجی ہارون میمن نے کہا کہ امید ہے کہ جو یقین دہانیاں اور وعدے اے سی سیپکو نے کیے وہ اس کی پاسداری کرتے ہوئے سیپکو سے متعلق تاجروں و شہریوں اور تمام صارفین کے جائز مسائل کے حل کی نگرانی از خود کریں گے اور انہیں حل کرانے میں مکمل تعاون کریں گے۔