اسلام آباد ( نمائندہ جسارت) ایران کے ڈپٹی سفیر محمد سرخابی اور کمرشل اتاشی محسن نے پاکستان اور ایران کے مابین معاشی تعاون کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اور پاکستان کا علاقائی، تجارتی اور اقتصادی تعاون ناگزیر ہے۔ ایرانی اور پاکستانی تاجروں کے درمیان مضبوط رشتہ ہے جو ہر گزرتے دن کے ساتھ مستحکم ہوتا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران ہمسایہ ممالک ہیں اور ان کے درمیان برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قربان علی چیئرمین ایف پی سی سی آئی کی سربراہی میں ملاقات کے لیے آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں دو طرفہ تجارت، اقتصادی تعاون بڑھانے اور دونوں ممالک کے تاجروں کو درپیش مشکلات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر قربان علی چیئرمین ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس نے کہا کہ یہ ملاقات دونوں طرف سے مطلوبہ تجارتی اہداف حاصل کرنے کے لیے نتیجہ خیز ثابت ہوگی۔پاکستان اور ایران کے درمیان تجارت پر اثر انداز ہونے والی مشکلات اور رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا تاکہ تجارت اور معاشی تعلقات کو فروغ مل سکے۔ ہم اس حقیقت سے بخوبی واقف ہیں کہ ٹھوس بینکاری چینلز کی کمی ہی کم تجارتی حجم کی سب سے بڑی وجہ ہے۔ دونوں ملکوں کو تجارت کو بڑھانے کے لیے ایک خصوصی طریقہ کار وضع کرنے کے لیے باہمی تعاون کرنا چاہیے۔