اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے خبردار کیا ہے کہ نئی کورونا لہر بہت خطرناک ہے اور مثبت کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جس کے باعث حکومت عوامی سرگرمیوں پر سخت پابندیاں لگاسکتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جمعرات کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں اسد عمر کا کہناتھا کہ کووڈ-19 مثبت کیسز میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور اسپتالوں میں روزانہ مریضوں کے داخلے ہورہے ہیں جبکہ انتہائی نگہداشت والے افراد بھی تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔
Sharp spike in covid positivity. Hospital daily admissions & people in critical care rising fast. If sop compliance does not improve, we will be forced to place stronger restrictions on activities. Please be very very careful. The new strain spreads faster and is more deadly.
— Asad Umar (@Asad_Umar) March 18, 2021
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے خبردار کیا کہ اگر لوگوں کی جانب سے احتیاطی تدابیر(ایس او پیز) پر عملدر آمد بہتر نہیں ہوا تو ہم ان کی سرگرمیوں پر سخت پابندیاں لگانے پر مجبور ہوں گے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپیل کی کہ لوگ بہت زیادہ احتیاط کریں اور اب کی بار کورونا کی نئی لہر پہلے سے زیادہ مہلک ہے اور بہت تیزی سے پھیل رہی ہے۔
دوسری جانب سربراہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا تھا کہ لوگ بہت زیادہ احتیاط کریں، نئی لہر پہلے سے زیادہ مہلک اور بہت تیزی سے پھیل رہی ہے اور اسپتالوں میں روزانہ مریضوں کے داخلے ہورہے ہیں اگر ایسا جاری رہا تو لاک ڈاؤن پھر سے ہوسکتا ہے۔
واضح رہے ملک بھر میں کورونا وائرس کے مزید 61 مریض آج زندگی کی بازی ہار گئے ہیں اور اموات کی مجموعی تعداد 13 ہزار 717 ہوگئی ہے جبکہ 3ہزار 495 نئے کیسز بھی سامنے آگئے ہیں جس کے بعدکیسز کی مجموعی تعداد 6 لاکھ 15 ہزار 810 ہوگئی۔