کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری سے بدھ کو بلاول ہاؤس میں عورت مارچ کے منتظمین نے ملاقات کی۔ بلاول زرداری کو عورت مارچ کے منتظمین نے جھوٹے پروپیگنڈے کے تناظر میں لاحق سیکورٹی خدشات و دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔ خواجہ سرا کمیونٹی کے نمائندے نے بھی مسائل سے آگاہ کیا۔ بلاول زرداری نے کہا کہ عورت مارچ کے شرکا کو نشانہ بنانے کے لیے مخصوص عناصر کی جانب سے توہین مذہب کے قوانین کا غلط استعمال افسوس ناک ہے۔ عورت مارچ کے منتظمین نیبلاول زرداری اور پی پی پی کی جانب سے حقوقِ نسواں کی حمایت پر اظہارِ تشکر کیا۔ اس موقع پر بلاول زرداری نے کہا کہ زندگی کے تمام شعبہ جات میں خواتین کا کردار اہمیت کا حامل ہے‘ خواتین کی توانا آواز نے ان عناصر کو چیلنج کیا ہے کہ جنہوں نے ان کی قابلیت سے انکار کیا‘ مجھے خوشی ہے کہ عورت مارچ کے منتظمین نے خواتین کی محرومیوں اور مسائل کو اجاگر کیا۔