ٹنڈو محمد خان (نمائندہ جسارت) زرداری ٹولے نے سندھ کو پولیس اسٹیٹ بنا دیا، سکھر پولیس کے ہاتھوں نوجوان طالب علم عرفان جتوئی کو شہید کیا گیا، پورے سندھ میں پولیس جرائم اور منشیات کی سرپرستی میں ملوث ہے، 31 مارچ کو کراچی میں بھرپور احتجاج کیا جائیگا، سندھ کے نوجوان کسی صورت سندھ کے نوجوانوں کیساتھ ناانصافی برداشت نہیں کریں گے، جئے سندھ محاذ کے چیئرمین ریاض چانڈیو کی پریس کلب ٹنڈو محمد خان میں پریس کانفرنس۔ ریاض چانڈیو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ سکھر پولیس نے بلاجواز یونیورسٹی کے طالب علم عرفان جتوئی کو شہید کیا، زرداری ٹولے نے سندھ کو پولیس اسٹیٹ میں تبدیل کردیا ہے، پولیس سندھ کے نوجوانوں کو جھوٹے مقابلے دکھا کر قتل کر رہی ہے جو کہ سراسر ظلم و ناانصافی ہے، سندھ کا ایک بھی غیرتمند نوجوان سندھی نوجوانوں کا قتل عام برداشت نہیں کرے گا۔ سندھ امن اور محبت کی سرزمین کا نام ہے جسے دہشت زدہ علاقہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ زرداری اور عمران خان ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ سندھ کا استحصال کیا اور وسائل کو لوٹا، زرداری ٹولے نے پولیس کو اپنے ناپاک عزائم کے لیے استعمال کیا، آج سندھ کے ہر ضلع میں جرائم اور منشیات کی سرپرستی پولیس کررہی ہے، سندھ میں اغوا برائے تاوان کے تمام جرائم میں پولیس ملوث ہے، پولیس نے کرائم اغوا برائے تاوان کو ایک انڈسٹری بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جئے سندھ محاذ کی جانب سے عرفان جتوئی کو شہید کیے جانے کیخلاف جب احتجاج کیا گیا تو پولیس نے ہمارے کیخلاف ایف آئی آر درج کردی جبکہ احتجاج کی کوریج کرنے والے صحافیوں پر بھی جھوٹے مقدمات قائم کیے گئے جس کی پر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 31 مارچ کو کراچی میں عرفان جتوئی کے ماورائے قتل کیخلا ف بھرپور احتجاج کیا جائیگا، سندھ کے غیرتمند نوجوان اس میں بھرپور شرکت کریں گے۔ اس موقع پر مرکزی رہنماءپنھل ساریو، زاہد جسکانی، قادر شورو ودیگر بھی موجود تھے۔