پنجاب حکومت کی جانب سے ڈسکہ این اے 75 میں دوبارہ انتخابات کے حوالے سے لکھا گیا خط سامنے آگیا۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو خط میں لکھا ہے کہ ڈسکہ این اے 75 میں تاحال کشیدگی برقرار ہے۔ عوام میں پایا جانے والا خوف دوبارہ انتخابات کا ٹرن آؤٹ متاثر کرسکتا ہے۔
خط کے متن میں کہا گیا کہ سیاسی جماعتوں کے باہر سے لائے گئے مسلح افراد دوبارہ پولنگ میں متحرک ہوسکتے ہیں۔ ڈسکہ میں نئی انتظامیہ کو پُرامن انتخابات کرانے کے لیے وقت درکار ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے خط میں مزید لکھا کہ ڈسکہ میں حالات معمول پر لانے میں وقت لگے گا۔ پولنگ کے دوران پر تشدد واقعات میں 2 افراد جاں بحق 8 زخمی ہوئے تھے۔
خط میں حکومت پنجاب کی جانب سے درخواست کی گئی ہے کہ ڈسکہ میں کشیدہ حالات کے باعث انتخابات رمضان المبارک کے بعد کرائے جائیں۔
الیکشن کمیشن نے ڈسکہ این اے 75 میں دوبارہ انتخابات کے لیے 10 اپریل کی تاریخ طے کر رکھی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے الیکشن کمیشن کے دوبارہ انتخابات کرانے کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا گیا لیکن سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ برقرار رکھا۔