اسلام آباد(نمائندہ جسارت)شریک چیئر مین پیپلزپارٹی آصف علی زرداری نے کہاہے کہ میاں صاحب پلیز پاکستان تشریف لائیں کیوں کہ اگر لڑنا ہے تو ہم سب کو جیل جانا پڑے گا۔منگل کو پی ڈی ایم سربراہی اجلاس میں ان کا کہنا تھاکہ میں نے اپنی زندگی کے 14 برس جیل میں گزارے ہیں، ہم نے سینیٹ انتخابات لڑے اور سینیٹر اسحاق ڈار ووٹ ڈالنے نہیں آئے۔سابق صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ہمیں لانگ مارچ کی ایسی ہی منصوبہ بندی کرنا ہوگی کہ جیسے 1986ء اور 2007 ء میںبے نظیر کی آمد پر کی تھی، مجھے اسٹیبلشمنٹ کا کوئی ڈر نہیں تاہم اسٹیبلشمنٹ کے خلاف جدوجہد ذاتی عناد کے بجائے جمہوری اداروں کے استحکام کے لیے ہونا چاہیے۔ زرداری نے کہا کہ میاں صاحب، آپ کیسے عوامی مسائل حل کریں گے، آپ نے اپنے دور میں تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا جب کہ میں نے اپنے دور میں تنخواہوں میں اضافہ کیا، نواز شریف اگر جنگ کے لیے تیار ہیں تو لانگ مارچ ہو یا عدم اعتماد کا معاملہ انہیں وطن واپس آنا ہوگا، میں جنگ کے لیے تیار ہوں مگر شاید میرا ڈومیسائل مختلف ہے لیکن میاں صاحب آپ پنجاب کی نمائندگی کرتے ہیں۔ شریک چیئرمین پی پی نے کہا کہ ہم اپنی آخری سانس تک جدوجہد کے لیے تیار ہیں لیکن اسمبلیوں کو چھوڑنا اسٹیبلشمنٹ اور عمران خان کو مضبوط کرنے کے مترادف ہے، ایسے فیصلے نہ کیے جائیں کہ جس سے ہماری راہیں جدا ہوجائیں، ہمارے انتشار کا فائدہ جمہوریت کے دشمنوں کو فائدہ دے گا۔