ترقیاتی منصبوں کی تکمیل سے کوئٹہ کی صورتحال بدل جائیگی، جام کمال

254

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ صوبے کے دیگر اضلاع کے ساتھ ساتھ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بھی انفرا اسٹرکچر کی بہتری اور ترقی کیلیے متعدد منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے، سڑکوں، اسپتالوں، پارکوں، اسپورٹس کمپلیکس اور ڈیموں کی تعمیر کے جاریترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے شہر کی صورتحال یکسر بدل جائے گی اور شہریوں کو بہترین سہولتیں دستیاب ہوں گی، میں خود متعلقہ حکام کے ساتھ رابطے میں رہتا ہوں اور مذکورہ منصوبوں پر کام کی رفتار اور معیار سے آگاہی حاصل کرتا رہتا ہوں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ کوئٹہ پیکج کے تحت شہر کے مختلف علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر و ترقی اور توسیع کے منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد ہورہا ہے، جائنٹ روڈ کی بہتری اور توسیع کے منصوبوں پر 5048 ملین روپے کی لاگت سے جاری کام کا 40 فیصد کام مکمل کیا جاچکا ہے، سبزل روڈ کی توسیع و تعمیر، سریاب کے علاقے میں اندرونی سڑکوں کی تعمیر اور بحالی کے منصوبے پر عملدرآمد جاری ہے۔ کوئٹہ میں پارکوں کی بحالی اور بہتری منصوبے کے تحت بینظیر پارک، شہباز ٹاؤن، لیاقت پارک، انسکمب روڈ، سیٹلائٹ ٹاؤن کوئٹہ، ائرپورٹ پارک، ہیلتھ پارک سپینی روڈ اور صادق شہید پارک کا بیشتر کام مکمل کیا جاچکا ہے، مختلف مقامات پر اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر و تزین کے منصوبے پر بھی کام جاری ہے، نئے ترقیاتی منصوبوں میں سرکی روڈ، بروی روڈ، سمنگلی روڈ اور پرنس روڈ کی توسیع وترقی کے منصوبے شامل ہیں، صحت کی معیاری سہولیات کیلیے نئے اسپتال تعمیر کر رہے ہیں جس میں باچاخان اسپتال نواں کلی، کارڈیک ایمرجنسی رسپانس سینٹر، 160 بستر پر مشتمل جدید کینسر اسپتال کی تعمیر کے منصوبے شامل ہیں، پانی کے ذخائر محفوظ بنانے کیلیے کوئٹہ شہر کے قریب کچ ڈیلے ایکشن ڈیم سارا خلا کی تعمیر پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔