الیکشن کمیشن کو ڈسکہ نظر آیا سینیٹ میں جو کچھ ہوا نظر نہیں آیا، بزدار

126

لاہور (نمائندہ جسارت)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے الیکشن کمیشن کو ڈسکہ انتخاب تو نظر آگیا لیکن سینیٹ میں جو کچھ ہوا وہ نہیں آیا۔وزیراعلیٰ آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میرے خلاف شروع دن سے ہی پروپیگنڈا ہورہا ہے ۔میں اپنے کام سے کام رکھتا ہوں ۔مخالفین کی تنقید برائے تنقید کی کوئی پرواہ نہیں ۔عوام کی خدمت کرنے آیا ہوں اورعوام کی خدمت ہی میرا مشن ہے۔ انہوںنے کہاکہ صوبے کے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیںگے۔جس طرح وفاق نے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا ہے،بجٹ میں صوبائی ملازمین کی تنخواہوں میں اسی طرح ریلیف دیں گے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے آتے ہی بلا امتیاز اور بلا تخصیص احتسابی عمل شروع کیا اوروزیراعظم عمران خان کی ہدایات کے مطابق قبضہ مافیا کے خلاف جنگ کا آغاز کیا۔ تمام ریاستی اداروں نے بڑی جرأت اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے قبضہ مافیا کی کمر توڑی۔گزشتہ حکومت نے غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیاں بنائیں۔ سرکاری زمینوں پر قبضہ کرکے پیٹرول پمپ اور سینما گھر، کمرشل پلازے، ویگن اسٹینڈ بنائے۔ اربوں روپے کی ٹیکس چوری،کنورژن فیس اور دیگر محصولات چوری کیے اور ملکی اداروں کی جڑیں کھوکھلی کرنے میں کوئی کسر اُٹھا نہ رکھی۔ گزشتہ دور حکومت میں اداروں اور سیاستدانوں کے گٹھ جوڑ سے ملکی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان اُٹھانا پڑا۔