استعفوں کو ایٹم بم کی طرح استعمال کرنا چاہتے ہیں،بلاول زرداری

370

حیدر آباد(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے پاکستان کی معیشت کا انحصار زراعت پر ہے اور لائیو اسٹاک بھی معیشت کے استحکام کے لیے ایک اہم شعبہ ہے ، ضرورت اس بات کی ہے کہ لائیو اسٹاک کے شعبے کی پیداور کو مزید بڑھانے کے لیے ایکسپو 2021 جیسے کامیاب ایونٹ منعقد کر کے لائیو اسٹاک کی افادیت اور اہمیت کو نا صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں اجاگر کیا جائے ۔ وہ ایکسپو 2021 کی اختتامی تقریب سے بحثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے ۔ انہو ںنے کہا کہ ماضی میں جن شعبوں کی وجہ سے پاکستان کی معیشت مستحکم ہوئی تھی وہ حالیہ وفاقی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے تباہی کے کنارے پر ہے ۔ انہوں نے حیدرآباد میں کامیاب ایکسپو کے انعقاد پر حکومت سندھ اور صوبائی وزیر لائیو اسٹاک عبدالباری پتافی اور ان کی ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ کی جانب سے ایسے پروگرامز کا انعقاد کسانوں اور غریب عوام سمیت نوجوانوں کے لیے مفید ہے ۔ بعد ازاں میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے فیصلوں کا ساتھ دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے تمام فیصلے مشاورت سے کیے جاتے ہیں اور ہر لیڈر کے پاس ان کے اراکین کی جانب سے استعفے جمع کیے جاچکے تھے تاہم ہم یہ چاہتے ہیں کہ استعفوں کے آپشن کو ایٹم بم کی طرح استعمال کریں ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ کٹھ پتلی اور غیر قانونی حکومت کے خلاف ہمارا احتجاج جاری رہے گا ۔