صنم عمرانی قتل کیس: عدالت عظمیٰ نے سیشن جج کو کارروائی سے روک دیا

234

اسلام آباد (آن لائن) عدالت عظمیٰ نے جیکب آباد سیشن جج کی عدالت کو نایاب عمرانی کی بہن صنم عمرانی قتل کیس میں مذکورہ بالا معاملے کی آئندہ سماعت تک کارروائی سے روک دیا، عدالت نے نایاب سکندر عمرانی کی جائداد سے متعلق توہین عدالت کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔ پیر کو جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے نایاب سکندر عمرانی کی جائداد سے متعلق توہین عدالت کیس پر سماعت کی۔ درخواست گزار نایاب عمرانی نے مؤقف اپنایا کہ میری بہن کے قتل کیس میں سیشن جج جیکب آباد کی عدالت میں مجھے گواہی کیلیے بلایا گیا ہے، میری جان کو خطرہ ہے، سیشن جج نے عدم حاضری پر کیس خارج کرنے کا کہہ رکھا ہے۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ عدالت آپ کی پولیس پروٹیکشن کا حکم دے دیتی ہے۔ نایاب عمرانی نے بتایا کہ میری بہن کو بھی پولیس پروٹیکشن کے دوران ہی مار دیا گیا۔ عدالت عظمیٰ نے نایاب عمرانی کو ڈپٹی کمشنر کی رپورٹس پڑھنے کیلیے مہلت دیتے ہوئے معاملے پر سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔