بلاول کا چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں پریزائیڈنگ افسر پر جانبداری کا الزام

227

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ سینیٹ کے انتخابات میں بھی ہماری فتح ہوئی ہے تاہم سندھ سے تعلق رکھنے والے پریزائیڈنگ آفیسر نے ہمارے امیدوار کے درست ووٹوں کو مسترد کر کے اپنے امیدوار کو کرسی پر لاکر بٹھا دیا جبکہ اخلاقی اور قانونی فتح ہماری ہوئی ہے، جنگلات سے نہ صرف ماحولیاتی آلودگی سے محفوظ رہا جا سکتا ہے بلکہ چرند پرند اور عوام الناس کی زندگی میںموسمیاتی تبدیلی میں اضافے کے مضر اثرات سے بھی محفوظ رہا جا سکتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میانی فاریسٹ کے با المقابل کا ٹھڑی فاریسٹ میںایک دن میں ایک لاکھ پودے لگانے کے موقع پر تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جنگلات کی زمینوں پر جو قبضے کیے گئے تھے وہ واگزار کروا کے وہاں شجرکاری کر کے جنگلات کو اصل قدرتی حالت میں بحال کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے سرسبز پاکستان کیلیے پورے ملک میں ایک ارب پودے لگانے کا دعویٰ کیا تھا مگر حکومت سندھ نے حقیقی معنوں میں نہ صرف ساحلی پٹی پر 1.7ارب مینگروز کے پودے لگا کر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ قائم کیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماحولیاتی آلودگی اور ڈیلٹا پر کام کرنے والے ماہرین بخوبی آگاہ ہیں کہ ڈیلٹا کی بحالی کیلیے مینگروز کی شجرکاری اہمیت رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈیلٹا کی بحالی کیلیے 1.7ارب مینگروز لگانے کے اقدام کو پوری دنیا میں سراہا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مینگروز کی بحالی کے علاوہ شہری شجرکاری اور سندھ کے تمام جنگلات کی بحالی کو یقینی بنایا جا رہا ہے جس سے سر سبز سندھ کے خواب کی تعبیر پوری ہو رہی ہے جبکہ جنگلات کی بحالی سے روزگار کے نئے مواقع بھی میسر آئیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے عوام نے جس طرح سے پی ڈی ایم کے جلسہ کو کامیاب کیا ہے اور پی ڈی ایم نے پی پی پی کے ساتھ جس طرح ملک اور سندھ میں ضمنی انتخابات میں کامیابی حاصل کی یہ پی ڈی ایم اور سندھ کے عوام کا وفاقی سلیکٹڈ کٹھ پتلی سرکار پر عدم اطمینان اور نفرت کا اظہار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ کے انتخابات میں بھی ہماری فتح ہوئی ہے تاہم سندھ سے تعلق رکھنے والے پریزائیڈنگ آفیسر نے ہمارے امیدوار کے درست ووٹوں کو مسترد کر کے اپنے امیدوار کو کرسی پر لاکر بٹھا دیا جبکہ اخلاقی اور قانونی فتح ہماری ہوئی ہے اور جب عدلیہ کا فیصلہ آئیگا تو لوگ دیکھیں گے کہ کٹھ پتلی حکومت کی کتنی رسوائی ہوئی ہے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ محکمہ جنگلات کا ایک دن میں ایک لاکھ درخت لگانا بہت اچھا اقدام ہے اور محکمہ جنگلات کی جو اراضی وا گزار کرائی جا رہی ہے وہاں شجرکاری کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پارٹی چیئر مین بلاول زرداری کے وژن کے مطابق اور رہنمائی لیتے ہوئے ہم اپنے صوبے کو سرسبز و شاداب بنانے کی کوششیں کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پروگرام میں محکمہ جنگلات کی جانب سے دی جانے والی تجاویز پر سنجیدگی سے غور کیا جائیگا تاکہ محکمے کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین کے وژن کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات ، بلدیات و جنگلات سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پارٹی چیئر مین بلاول زرداری کے وژن کی تکمیل کیلیے کوشاں ہیں اورصرف ایک دن بلکہ کچھ گھنٹوں میں ایک لاکھ پودے لگائے گئے ہیں جوکہ ایک ریکارڈ ہے۔قبل ازیںپی پی پی چیئر مین بلاول زرداری نے کاٹھڑی فاریسٹ میں پودہ لگار کر مہم کا باقائدہ افتتاح کیا اور شجرکاری مہم کی کامیابی کیلیے دعا کی۔اس موقع پر صوبائی وزراء محمد اسماعیل راہو ، سہیل انور سیال ، ایم این ایز طارق شاہ جاموٹ ، ذوالفقار علی بیہن، ایم پی ایز شرجیل انعام میمن ،جام خان شورو ،حکومت سندھ کے ترجمان بیرسٹرمرتضیٰ وہاب ، پی پی پی حیدرآباد کے صدر صغیر قریشی ، ڈویزنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ ، ڈی آئی جی حیدرآباد شرجیل کھرل ، ڈی سی حیدرآباد فواد غفار سومرو اور دیگر متعلقہ افسران کے علاوہ پی پی پی کے مقامی رہنما اور کارکنان بھی موجود تھے۔