میرپور خاص (نمائندہ جسارت) سکھر میں پولیس کے ہاتھوں قتل ہونے والے عرفان جتوئی کے قتل کیخلاف جئے سندھ محاذ کی جانب سے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ جئے سندھ محاذ کی جانب سے سندھ یونیورسٹی کے نوجوان طالب علم عرفان جتوئی کے قتل کیخلاف کیے جانے والے احتجاج میں شامل مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر مذمتی نعرے درج تھے، مظاہرین سکھر پولیس کیخلاف نعرے بازی کرتے رہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مرکزی رہنماء نواز شاہ بھادائی، سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے منظور میمن، سماجی کارکن واجد لغاری، عابد کوری، جنید لغاری، لالا اظہر اور عبید بنگلانی نے کہا کہ عرفان جتوئی جو کہ ایک طالب علم تھا لیکن سکھر پولیس نے اسے بے گناہ قتل کیا جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی بھی شہری کسی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث ہے تو پولیس اسے گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرے اور جرم ثابت ہونے کی صورت میں عدالت اسے سزا سنائے لیکن پولیس کسی کو بھی مجرم قرار دے کر اسے قتل کردے، ہم ایسے عمل کی پرزور مذمت اور مطالبہ کرتے ہیں کہ واقعہ کی انکوائری کے لیے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دے کر معاملے کی شفاف تحقیقات کرائی جائے۔