دادو (نمائندہ جسارت) ضلع دادو کے ترقیاتی کاموں کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے، کام میں سستی اور لاپروائی کو ہرگز معاف نہیں کیا جائیگا۔ اس بات کا اظہار ڈپٹی کمشنر دادو سمیع اللہ نثار شیخ نے دربار ہال دادو میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کے لیے ضلع کے تمام افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایم این اے عرفان ظفر لغاری، ایم پی اے پیرمجیب الحق اور ضلعی افسران نے شرکت کی ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے پیرمجیب الحق نے کہاکہ سندھ حکومت عوام کی خوشحالی اور خدمت کرنے میں یقین رکھتی ہے، عوام کی جانب سے ان کے منتخب نمائندوں پرفرض ہے کہ عوام کے جائز مسائل اور شکایات کا ازالہ کریں اور انہیں زندگی کی بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوئی کسر نہ چھوڑیں۔ ضلعی افسران کو چاہیے کہ وہ عوام کی بھلائی اور بہتری کے لیے کام کریں اور ترقیاتی کاموں کو وقت پر مکمل کریں تاکہ عوام ان سے فائدہ اٹھائیں۔ اس موقع پر ایم این اے عرفان ظفرلغاری نے کہا کہ جتنے بھی آر او پلانٹ بند ہیں ان کوفوری طور پر فعال، واٹر سپلائی کے جتنے بھی مسائل ہیں ان کو حل اور ترقیاتی کاموں کو وقت پر مکمل کیا جائے تاکہ عوام ان سے فائدہ حاصل کریں۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر دادو سمیع اللہ، نثار شیخ نے شرکت کرنے والے افسران کو ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ جتنے بھی آر او پلانٹ بند ہیں ان کو فو ری طور پر فعال کیا جائے، شہروں میں صفائی ستھرائی میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، زیر تعمیر منصوبوں کو وقت پر مکمل کرنے کے لیے تمام موجودہ وسائل بروئے کار لائے جائیں اور ان منصوبوں کو مکمل کرنے میں کوئی دشواری پیش ہو تو ان کے حل کرنے میں مدد کریں گے۔ ہم سب مل کر عوام کی خدمت کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے، اپنے فرائض ایمانداری اور تندھی سے سرانجام دینے والے اپنے آپ کو اکیلا نہ سمجھیں۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ پبلک ہیلتھ انجینئر لعل ڈنو، ڈسٹرکٹ بلڈنگز اور روڈز انجینئر علیم میمن، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اینڈ ورکس بلڈنگز انجینئر سجاد علی شاہانی، پی پی تحصیل صدر رئیس بابن خان پنہور، میونسپل کمیٹی کے سابق وائس چیئرمین علی نواز سولنگی، عبدالکریم لغاری اور ضلعی عملداروں نے شرکت کی۔