مریم، بلاول اور مولانا نے پی ڈی ایم کی سیاست ختم کردی، رانا اختر

123

لاہور (آن لائن) پاکستان تحریک انصاف سینٹرل پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات رانا اختر حسین نے کہا ہے کہ مریم صفدر، مولانا فضل الرحمن اور بلاول زرداری نے پی ڈی ایم کی سیاست کا خاتمہ کر دیا ہے، ن لیگ پیپلز پارٹی کی بی ٹیم کا کردار ادا کر رہی ہے، مریم صفدر مسلسل ریاستی اداروں اور پر حملہ اور ان کے خلاف زہر اگل رہی ہیں جو ہرگز قابل قبول نہیں ہے، جھوٹ بول کر قوم کو گمراہ کرنے کا وقت گزر گیا ہے عوام ان سیاسی بہروپیوں کے ٹولے کو اچھی طرح پہچان چکے ہیں اور یہ ہر سیاسی محاظ پر ناکام ہوچکے ہیں۔ گزشتہ روز پارٹی دفتر میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے رانا اختر حسین نے کہا کہ صادق سنجرانی اور مرزا محمد آفریدی کی جیت اور وزیراعظم کی سیاست اور وژن نے ثابت کر دیا ہے کہ تحریک انصاف بڑے اور چھوٹے صوبوں کو قومی دھارے میں لانے کی حامی اور پورے ملک کی مقبول ترین سیاسی جماعت ہے۔ ماضی میں پسماندہ علاقوں کو نظر انداز کرنے والوں اور صوبوں تک محدود رہ جانے والی سیاسی جماعتوں کا پتلی تماشہ ختم ہو چکا ہے آنے والا وقت تحریک انصاف اور عوام کا ہے۔