پی ڈی ایم نے سیاست چمکانے کیلیے اداروں پر حملہ کیا، مراد سعید

184

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ ن لیگ کی پریس کانفرنس میں عوام کی دل آزاری ہوئی، اپنی سیاست چمکانے کیلیے پی ڈی ایم نے اداروں کو نشانہ بنایا، خدا کیلیے اپنی سیاست بچانے کیلیے پاکستان کے خلاف نعرے نہ لگائیں، آپکی سیاست ختم ہو جائے گی لیکن پاکستان قائم رہے گا، پی ڈی ایم کے قیام کے بعد اپوزیشن کو ہر محاذ پرشکست کا سامنا کرنا پڑا اور تحریک انصاف چاروں صوبوں کی نمائندہ جماعت بن گئی ہے، عوام نے اپوزیشن کو مسترد کردیا، پاکستان کا نظریہ سب سے پہلے ہے، قوم کا لوٹا ہوا پیسہ واپس لائیں گے۔ پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم نے کہا تھا کہ اوپن بیلٹ کیلیے قانون سازی کرکے ہارس ٹریڈنگ کا خاتمہ کرتے ہیں اس کیلیے ہم عدالت عظمیٰ بھی گئے لیکن پی ڈی ایم نے اوپن بیلٹ کی بھرپور مخالفت کی اور آج یہ لوگ مسترد ووٹوں پر سیاست اور ٹی وی ٹی وی کھیلنا چاہتے ہیں۔ جب قومی اسمبلی میں ووٹ مسترد ہوئے تو ان لوگوں نے کہا کہ یہ جمہوریت کا حسن ہے اور آج سینیٹ میں ووٹ مسترد ہوئے تو یہ لوگ اداروں پر الزام اور تہمت بازی کر رہے ہیں لیکن اب یہ دوہرا معیار نہیں چلے گا۔